بلاول بھٹو کی پی ٹی آئی سے ہمدردی مگر مچھ کے آنسو ہیں، حلیم عادل شیخ

بدھ 24 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما تحریک انصاف حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے پی ٹی آئی ورکرز سے نام نہاد ہمدردی اور مگر مچھ کے آنسو صرف پی ٹی آئی کا ووٹ چوری کرنے کے بہانے ہیں۔

عدالت پیشی کے موقعہ پر وکلاء اور نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا پی ٹی آئی لاہور اور پنجاب کے کارکن اور ووٹرز ہوشیار رہیں، بلاول بھٹو کی لفاظی اور جھانسے میں نہ آئیں۔ پی ٹی آئی ورکرز سے نام نہاد ہمدردی اور مگر مچھ کے آنسو صرف پی ٹی آئی کا ووٹ چوری کرنے کے لیے ہیں۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنوں کے خلاف ظلم و بربریت پی ڈی ایم اور بعد میں سندھ اور پنجاب کی نگراں حکومتوں کے ادوار میں شروع ہوئی جو ابھی تک جاری ہے۔ ’بلاول بھٹو پی ڈی ایم حکومت کی کابینہ میں اہم وزیر تھے جس کابینہ میں تحریک انصاف کیخلاف کریک ڈاؤن سمیت ظلم و زیادتی کے فیصلے ہوئے تھے۔‘

حلیم عادل شیخ کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے پولیس گردی کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب خود کو زرداری صاحب کا بیٹا کہتے ہیں، پی ڈی ایم اور پنجاب کی نگران حکومت کے مظالم میں بلاول بھٹو خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے۔

’ہمارے لاہور اور پنجاب کے ورکرز اور سپورٹر بلاول بھٹو کے جھوٹے دلاسوں اور وعدوں پر نہ آئیں یہ پی ٹی آئی کا ووٹ چوری کرنے کا ایک ڈھونگ ہے بلاول بھٹو پی ڈی ایم حکومت اور پنجاب حکومت کے نگرانوں کی ظلم زیادتی سے اپنا دامن نہیں چھڑا سکتے۔‘

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلاول بھٹو کی سندھ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا شکار تو وہ خود ہیں،  بحیثیت اپوزیشن لیڈر سندھ حکومت پر تنقید کی پاداش میں ان کیخلاف جھوٹے مقدمات کی بھرمار کی گئی، اپوزیشن لیڈر بننے سے پہلے ایک آدھ مقدمہ تھا جبکہ بعد میں نشان عبرت بنانے کی کوشش کی گئی۔

’کبھی جیل میں مجھ پر حملہ کرایا گیا تو کبھی سی آئی اے سینٹر میں سانپ چھوڑا گیا، سندھ کے مختلف شہروں کے دوروں کے دوان مجھ پر حملے کروائے گئے اور مقدمات بھی مجھ پر قائم کروائے گئے تھے، سندھ اسمبلی میں اپنی 5 گھنٹہ کی بجٹ تقریر میں سندھ حکومت کی کرپشن بے نقاب کرنے پر مجھے لاہور سے گرفتار کرایا گیا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp