ن لیگ حکومت میں آکر کیا کرے گی؟ شہبازشریف کا لاہور میں نوجوانوں سے مکالمہ

بدھ 24 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمیں آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، اگر ہم نے نوجوانوں کی درست رہنمائی نہ کی تو بہت بڑا چیلنج بن جائے گا، مشاورت سے پالیسی بنائیں گے تو نوجوان نسل کی قسمت سنور جائے گی۔

لاہور میں نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، آئندہ الیکشن کے بعد ہمیں موقع ملا تو نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی ترجیح ہو گی۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف نے نوجوانوں کے سوالوں کے جوابات دیے، اس موقع پرہال میں تالیاں بجتی رہیں۔

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگر بدقسمتی سے ہماری آئی ٹی کی ایکسپورٹس میں زیادہ اضافہ نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہاکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ بہتر ضروری تعلیم حاصل کی جائے، ہمارے پاس تیل اور گیس نہیں صرف یوتھ ہمارا اثاثہ ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں نے آئی ٹی میں اپنا لوہا منوایا، یونیورسٹی اور انڈسٹری کا چولی دامن کا ساتھ ہے، اصل ضرورت ورکشاپ میں تربیت دینے کی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمارے دور حکومت میں سرکاری سطح پر لیپ ٹاپ اسکیم کا دائرہ ذہین اور مستحق طلبا کے لیے تھا، اس کے علاوہ ہمارا پلان تھا کہ ہر پارک میں ای لائبریری بنے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنا پاکستان کی ہر حکومت کا فرض ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پچھلی حکومت کا منصوبہ ختم کردیا جاتا ہے جو نہیں ہونا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہاکہ اسپورٹس کسی بھی سوسائٹی کے لیے جزو لاینفک ہے، ہمیں موقع ملا تو کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp