پنجاب انتخاب: الیکشن کمیشن نے شیڈول جا ری کر دیا

بدھ 8 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی نشستوں اور 6 قومی حلقوں میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

یاد رہے کہ جنوری میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھیجی تھی جس کی سمری پر مؤخرالذکر نے دستخط نہیں کیے تھے تاہم اس کے 48 گھنٹوں بعد 14 جنوری کو اسمبلی از خود تحلیل ہو گئی تھی۔ بعد ازاں 3 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کرانے کی تجویز دی تھی۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں پنجاب کی 6 نشستیں گزشتہ برس ضمنی انتخابات کے دوران عمران خان کی جیت کے بعد خالی ہوئی تھیں۔ عمران خان نے اس وقت 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جن میں سے 6 کو الیکشن کمیشن کی جانب سے 24 فروری کو خالی قرار دیتے ہوئے ڈی نوٹیفائی کردیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں اور 6 قومی نشستوں کے لیے یکساں شیڈول جاری کیا ہے۔

مذکورہ بالا 6 قومی حلقوں میں این اے-22 مردان 3، این اے-24 چارسدہ 2، این اے-31 پشاور 5، این اے-108 فیصل آباد 9، این اے-118 ننکانہ صاحب11 اور این اے-239 کراچی 1 شامل ہیں۔

بدھ کو جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدواروں کے ناموں کی فہرست 15 مارچ کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 22 مارچ تک کی جائے گی۔

اسکروٹنی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 27 مارچ تک دائر کی جا سکیں گی جن پر اپیلیٹ ٹریبونل 3 اپریل تک فیصلہ کرے گا جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 اپریل کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی انتخابات سے دستبرداری کی آخری تاریخ 5 اپریل مقرر کی ہے جس کے اگلے روز یعنی 6 اپریل کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور پھر پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔

جہاں تک خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستوں کا تعلق ہے وہ الیکشن شیڈول کے مطابق 14 مارچ تک جمع کرائی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp