ویرات کوہلی کا ایک اوراعزاز: 4 بار ون ڈے پلیئر آف دی ایئر جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

جمعرات 25 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2023 کے بہترین ون ڈے کرکٹر اورسر گارفیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ سال ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے بھارت کے ویرات کوہلی نے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس ایوارڈ کے لیے  بھارت کے ویرات کوہلی، محمد شامی ، شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل  مچل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

کوہلی نے یہ ایوارڈ ریکارڈ چوتھی بار جیتا ہے۔ یوں وہ 4 بار یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 3 بار ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

ویرات کوہلی نے 2012، 2017 اور  2018 میں بھی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

کوہلی نے سال 2023 میں 27 ون ڈے میچز میں 1377 رنز اسکور کیے اور 12 کیچز بھی پکڑے اور ایک وکٹ بھی لی۔ان کی 24 اننگز میں6سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

اس کے علاوہ کوہلی نے 2023 میں سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑا، وہ ون ڈے کرکٹ میں 50 سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بنے۔

اس سے قبل آئی سی سی نے جمعرات کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا بھی اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp