انتخابات 2024: الیکشن مہم اب سوشل میڈیا پر منتقل ؟

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات ہونے میں 2 ہفتے سے بھی کم وقت رہ چکا ہے لیکن نہ ہی الیکشن کا ماحول بنتا نظر آتا ہے، سڑکیں سنسان ہیں، آپ کو بینرز بھی بہت کم نظر آرہے ہیں، سڑکوں پر پارٹی جھنڈوں کے اسٹالز غائب ہیں، گاڑیوں پر جھنڈے نہیں، شیشوں پر چسپاں ہونے والے پوسٹرز نہیں ایسا لگ رہا ہے کہ عوام کو عام انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں۔

رواں برس 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے روایتی انتخابی مہم کہیں نظر نہیں آرہی، نہ ہی کوئی سیاسی جماعت جلسے جلوس اور ریلیاں نکالتی نظر آتی ہے نہ ہی امیدوار بھرپور انتخابی مہم چلاتے نظر آتے ہیں، بظاہر ووٹرز ہوں یا امیدوار اس الیکشن سے مایوس نظر آتے ہیں تاہم روایتی طریقوں سے ہٹ کر الیکشن مہم اور تشہیر سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آ رہی ہے۔

اس حوالے سے سیاسی جماعتیں اور پارٹیاں گراؤنڈ کی بجائے سوشل میڈیا پر متحرک نظر آ رہی ہیں، امیدواروں اور ان کے حامیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر محاذ سنبھالا ہوا ہے، ٹک ٹاک ہو یا فیس بک، انسٹاگرام ہو یا ٹوئٹر یا پھر یوٹیوب صارفین سب اپنی من پسند جماعت، امیدوار یا لیڈر کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آپ روایتی مہم نہیں دیکھ پارہے کیوں کہ الیکشن مہم اب سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر منتقل ہو چکی ہے۔ اسی لیے سیاسی جماعتیں اور امیدوار ووٹرز تک اپنا منشور پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر کوئی نہ کوئی پروگرام منعقد کرتے رہتے ہیں۔

اس ضمن میں یہ جاننا ضروری ہے کہ کون سی سیاسی جماعت یا لیڈر سوشل میڈیا پر زیادہ مقبول ہے، اس لیے نظر دوڑاتے ہیں سیاسی جماعتوں اور ان کے لیڈران کے سوشل میڈیا فالوورز پر:

پاکستان تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا پر سب سے فعال جماعت دکھائی دیتی ہے اور اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر سب سے مقبول جماعت ہے۔

پی ٹی آئی کے آفیشل فیس بُک پیج پر 86 لاکھ فالورز ہیں جبکہ اس کے ایکس اکاؤنٹ پر اس کے 96 لاکھ فالورز موجود ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن

پاکستان مسلم لیگ (ن) فیس بُک اور ایکس کے مجموعی فالورز کے اعتبار سے سوشل میڈیا پر دوسری بڑی جماعت ہے۔

فیس بُک پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے فیس بُک 36 لاکھ جبکہ ایکس پر 25 لاکھ فالورز ہیں۔

جماعت اسلامی

جماعت اسلامی سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو دکھائی دیتی ہے اسی لیے جماعت اسلامی کے فیس بُک پر 39 لاکھ جبکہ ایکس پر 2 لاکھ 68 ہزار فالورز موجود ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی نے سوشل میڈیا پر توجہ تھوڑی دیر سے دی جس کی وجہ سے پی پی پی سوشل میڈیا پر تھوڑا پیچھے دکھائی دیتی ہے۔

پی پی پی کے آفیشل فیس بُک پیچ پر آٹھ لاکھ 51 ہزار فالورز جبکہ ایکس پر 11 لاکھ فالورز ہیں۔

جمعیت علما اسلام پاکستان

جمعیت علما اسلام پاکستان سوشل میڈیا پر متحرک جماعتوں میں سے ایک ہے۔

جمعیت علما اسلام پاکستان کے فیس بُک آٹھ لاکھ 41 ہزار اور ٹوئٹر پر 2 لاکھ 58 ہزار فالورز ہیں۔

سوشل میڈیا پر مقبول پارٹی سربراہ

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان

عمران خان پاکستان میں سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالورز رکھنے والی سیاسی شخصیت ہیں۔

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے فیس بُک پر 10 لاکھ 40 ہزار جبکہ ایکس پر دو کروڑ تین لاکھ فالورز ہیں۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پی پی پی اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر کافی سرگرم نظر آ رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے ایکس پر 51 لاکھ جبکہ فیس بُک نو لاکھ 83 ہزار فالورز ہیں۔

قائد مسلم لیگ نواز میاں محمد نواز شریف

نواز شریف فیس بُک اور ایکس تاخیر سے جوائن کیا۔ نواز شریف کے فیس بُک پر چار لاکھ 19 ہزار اور ٹوئٹر پر دس لاکھ سے زائد فالورز ہیں۔

سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمان کے فیس بُک پر دس لاکھ جبکہ ایکس پر چھ لاکھ 35 ہزار فالورز موجود ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق بھی سوشل میڈیا پر مقبول ترین سیاسی رہنماؤں میں سے ایک ہیں جن کے فیس بُک پر 15 لاکھ جبکہ ایکس پر 13 لاکھ فالورز ہیں۔

واضح رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان میں ووٹرز کی کل تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp