انتخابات 2024: بیلٹ پیپرز کی ترسیل شروع، پولنگ اسکیم بھی جاری

اتوار 28 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 فروری کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے لیے مختلف حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ پرنٹنگ کا کام 4 فروری تک مکمل ہونے کی توقع ہے، بیلٹ پیپرزکی چھپائی کے لیے 270 ٹن خصوصی کاغذ استعمال کیا جا رہا ہے، کل 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جائیں گے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے ضلع لودھراں اور وہاڑی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 2 حلقوں کے بیلٹ پیپرز متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ارسال کر دیے گئے ہیں۔

بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے جو 4 فروری تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ اس وقت سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن، پاکستان پوسٹل فاؤنڈیشن اور پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام جاری ہے۔

ملک بھر میں 3 لاکھ  67 ہزار 73 پولنگ اسٹیشن و پولنگ بوتھ قائم

دوسری جانب عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے 3 لاکھ  67 ہزار 73 پولنگ اسٹیشن و پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی پولنگ اسکیم کی سمری کے مطابق پنجاب میں 50 ہزار 944 پولنگ اسٹیشن جبکہ ایک لاکھ 49 ہزار 434 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

سندھ میں 19 ہزار 6 جبکہ خیبرپختونخوا میں 15 ہزار سے زیادہ پولنگ اسٹیشن قائم

سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ اسٹیشن جبکہ 65 ہزار 5 پولنگ بوتھ، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 697 پولنگ اسٹیشن جبکہ 47 ہزار 77 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، بلوچستان میں 5 ہزار 25 پولنگ اسٹیشن جبکہ 14 ہزار 882 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

اس طرح ملک بھر میں مردوں کے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 25 ہزار 320 جبکہ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 23 ہزار 952 ہے جبکہ مردوں اور خواتین کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 41 ہزار 403 ہے۔

اسی طرح ملک بھر میں مردوں کے پولنگ بوتھ کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 552 جبکہ خواتین کے پولنگ بوتھ کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 846 ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp