بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہزاروں افراد کی گھروں سے جبری بے دخلی اور چار ہزار گھر گرانے کا حکم سپریم کورٹ نے معطل کردیا ہے۔
اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ریلوے کی زمین پر قبضے کے الزام میں چار ہزار گھر گرانے کا حکم جاری کیا تھا۔ ان چار ہزار گھروں کے پچاس ہزار رہائشیوں میں سے اکثریت مسلمانوں کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے ہلدوانی ریلوے اسٹیشن کے قریب رہائش پذیر ہزاروں افراد کی جبری بے دخلی کو روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلے میں کہنا ہے کہ ہزاروں لوگوں کو راتوں رات بے دخل نہیں کیا جاسکتا، بے دخلی سے پہلے بحالی کی اسکیم لگائی جانی چاہیے، اگر ہائی کورٹ کے حکم پر عمل ہوتا تو تقریباً پچاس ہزار لوگ جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے بے گھر ہو جاتے۔
واضح رہے سرکاری افسران نے الزام لگایا تھا کہ متاثرہ لوگوں نے بھارتی ریلوے کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے، جبکہ سینکڑوں افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔