اشفاق ستی پر اہلیہ کیخلاف مارپیٹ کا الزام، کرن ناز نے تصویر کا دوسرا رخ پیش کردیا

پیر 29 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کی سیشن عدالت وسطی نے نجی ٹی وی چینل کے اینکر اشفاق اسحاق ستی کی اپنی اہلیہ کے خلاف مارپیٹ کے مقدمے میں ضامنت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی۔

یاد رہے کہ اشفاق ستی کی اہلیہ نومیکا نے تھانہ نارتھ ناظم آباد میں اپنے شوہر کے خلاف تشدد کے الزام میں مقدمہ درج کروایا تھا۔ علاوہ ازیں نومیکا نے سوشل میڈیا پر اپنی تشدد زدہ تصاویر و ایف آئی آر کی کاپی شیئر کی۔

عدالت نے اشفاق ستی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو 50 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا اور سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔

نومائکا اشفاق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اینکر اشفاق اسحاق ستی پر  وحشیانہ تشدد اور زیادتی کا الزام عائد کیا اور تصاویر اور ایف آئی آر کی کاپی بھی پوسٹ کی۔ نومائکا نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ }میرے پورے جسم، میری پسلیاں، میرے جبڑے اور میرے چہرے پر متعدد زخموں کے ساتھ ساتھ میرے جسم کا ہر حصہ بری طرح زخمی ہے جس کی وجہ میرے شوہر کا مجھ پر کیا جانے والا وحشیانہ تشدد ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ کے آغاز میں کہا کہ اشفاق ستی  22 جنوری کو والدہ کے گھر سے اپنے  گھر لے کر گئے. انہوں نے  انکشاف کیا کہ  اسی روز انہیں شوہر کے ہاتھوں کئی گھنٹوں تک مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا. شوہر نے انہیں بالوں سے گھسیٹا، دیواروں سے مارا اور تکیے سے دم گھوٹنے کی بھی کوشش کی۔ نومائکا نے  یہ بھی الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر نے انہیں قتل کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ وہ قتل کر کے لاش غائب کردیں گے۔

خاتون نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی کہا کہ ان کے شوہر نے انہیں زخمی حالت میں بغیر کسی کھانے پینے کے اشفاق ستی نے گھنٹوں کمرے میں بند رکھا اور  ڈیڑھ سال کا بیٹا لے کر چلے گئے۔

نومائکا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اشفاق ستی اور ان کی والدہ سے بھی کئی بار رحم کی التجا کی لیکن سب بے سود رہا اور تاہم وہ طویل جدوجہد کے بعد وہاں سے کسی طرح نکلنے میں کامیاب ہوگئیں۔

 انہوں نے تشدد کے بعد عباسی شہید اسپتال میں اپنا میڈیکل کروایا اور ان کے بقول ایف آئی آر درج کرنے کے لیے بھی انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دریں اثنا اس حوالے سے سماء ٹی وی کی معروف اینکر پرسن کرن ناز نےتہلکہ خیز تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ ایک طویل نوٹ جاری کیا جس میں انہوں نے کہانی کا دوسرا رخ پیش کیا۔

کرن ناز کے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ ’اشفاق اسحاق میرے آج ٹی وی کے ساتھی اور  ایک بہترین ٹی وی اینکر ہیں جن کی اہلیہ نے ان پر مار پیٹ کا الزام لگایا لیکن میں کہانی کا دوسرا رخ اشفاق کی اجازت سے آپ کے سامنے رکھ رہی ہوں۔‘

کرن نے مزید لکھا کہ اشفاق کی پہلی بیوی کے 3 بچے نومائکا (دوسری)  بیوی کے ساتھ رہتے ہیں اور بچوں کو اجازت نہیں کہ وہ اشفاق کی تیسری بیوی کے گھر جائیں۔ نومائکا اپنی والدہ کے گھر گئیں تو اشفاق بچوں کے ساتھ وہاں چلے گئے جس پر انہوں نے بہت ہنگامہ کیا، بچوں پر تشدد کیا، اشفاق کو گالیاں دیں اور مارا جس کے جواب میں اشفاق نے خاتون کو دھکا دیا۔

کہانی کی حقیقت بیان کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا کہ اشفاق کے دھکے کےبعد نومائکا دروازے سے ٹکرائیں جو تصاویر انہوں نے پوسٹ کیں اسی طرح کی تصاویر اشفاق کی بھی ہیں۔ نومائکا نے الزام لگایا کہ پہلے ان کی کردار کشی کی گئی پھر تشدد کیا گیا جبکہ ویڈیو میں نومائکا کی زبان سنی جاسکتی ہے جو کمرے کے باہر کھڑے ان کے بچوں نے بنائی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس خاتون نے اے آر وائی کے دفتر جاکر بھی بڑا شور شرابا اور ہنگامہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp