اسرائیلی فوج لبنان کی سرحد پر جلد کارروائی کرے گی، وزیر دفاع یواو گیلنٹ

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے دوران کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر اسرائیلی فوجی بہت جلد لبنان کے ساتھ ملک کی شمالی سرحد کے قریب کارروائی کرے گی۔ فوجیوں کو اسرائیل کے شمال میں تعینات کیا جا رہا ہے، وہ بہت جلد حرکت میں آئیں گے۔

7 اکتوبر کو حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے، لبنان اسرائیل سرحد پر اسرائیلی فوج اور لبنان کی ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ تحریک، جو حماس کی اتحادی ہے، کے مابین قریباً روزانہ فائرنگ کا تبادلہ دیکھا جاتا ہے۔

حزب اللہ نے گزشتہ روز سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر کم از کم 12 حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی، جن میں ایرانی ساختہ فلک-1 اور برکان میزائل استعمال کیے گئے تھے۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہداف میں حزب اللہ کا بنیادی ڈھانچہ اور جنوبی لبنان کے علاقوں مرقبہ، طیبہ اور مارون الراس میں واقع چوکیاں شامل ہے۔ فوج نے لبنان سے متعدد میزائل داغے جانے کی بھی تصدیق کی اور کہا کہ فورسز نے لبنان میں لانچ سائٹس اور دیگر مقامات کو نشانہ بنا کر جوابی کارروائی کی ہے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ ہرزی حلوی نے رواں ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ شمالی سرحد پر جنگ کے امکانات بہت زیادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ شمال میں جنگ کب ہوگی، میں آپ کو بتاسکتی ہوں کہ آنے والے مہینوں میں اس کے ہونے کے امکانات ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی لبنان میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر حزب اللہ کے ارکان ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اسرائیلی سرحد پر 9 فوجی اور 6 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
گیلنٹ نے گزشتہ روز یہ بھی کہا کہ غزہ کے عسکریت پسندوں کے پاس رسد اور گولہ بارود ختم ہو رہا ہے لیکن حماس کے خلاف جنگ میں کئی ماہ لگیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp