بالی ووڈ اداکار ستیش کوشک انتقال کر گئے

جمعرات 9 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکار ، ڈائریکٹر ، پروڈیوسر ، کامیڈین اور سکرین رائٹر ستیش کوشک 66سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق ستیش کوشک کا انتقال 8مارچ کو دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ، جب وہ دہلی میں کار میں سفر کر رہے تھے۔

اداکار ستیش کوشک کے دوست انوپم کھیر نے ان کے انتقال  کی تصدیق ٹوئٹر پر کی۔

 

انہوں نے ٹوئٹر پر ستیش کوشک کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے  ہندی زبان میں جذباتی پیغام  لکھا ’ میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی حتمی سچائی ہے لیکن میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں زندہ رہتے ہوئے اپنے بہترین دوست کے بارے میں یہ لکھوں گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہماری 45سالہ دوستی پر اچانک اس طرح فل سٹاپ لگ جائے گا، سوچا نہ تھا۔ آپ کے بغیر زندگی کبھی ویسی نہیں ہو پائے گی ستیش!اوم شانتی!

دوسری جانب ٹوئٹر پر بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے کامیڈی فلم ’مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی‘ کے سین کی تصویر شئیر کی۔

تصویر  شئیر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کے چندا ماما چلے گئے۔ ستیش کوشک جی کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ انہیں فلم ’مسٹر اینڈ مسز کھلاڑی‘ کے سیٹ پر بے ساختہ ہنسی بکھیرنے کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ پہلے ہی جنت میں سب کو ہنسا رہے ہیں۔

بھارتی گیت نگار جاوید اختر نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ستیش کوشک کے ساتھ ہولی پارٹی کی تصویر شئیر کی اور ان کی اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

جاوید اختر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ستیش ایک پر جوش ، محبت اور مزاح سے بھرپور آدمی تھا اور  میرے لئے تقریباً پچھلے 40سال سے بھائی جیسا تھا۔ وہ مجھ  سے 12سال چھوٹا تھا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ستیش جی ! ابھی آپ کی باری نہیں تھی۔

انوپم کھیر نے خبر رساں ایجنسی ’ پریس ٹرسٹ آف انڈیا ‘ کو بتایا کہ ستیش دہلی میں ایک دوست کے گھر پر تھے جب انہوں نے بے چینی کی شکایت کی اور انہوں نے ڈرائیور سے کہا کہ وہ انہیں ہسپتال لے جائے، دوران سفر انہیں گاڑی میں رات کے تقریباً1بجے دل کا دورہ پڑا۔

بھارتی اداکار سنی دیول نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ستیش کوشک کے ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ستیش کوشک کے انتقال کی خبر دل دہلا دینے والی ہے، یقین نہیں آتا۔ وہ ایک بہت ہی خوش مزاج انسان تھا۔ خدا اس کے خاندان اور ہماری انڈسٹری کو اس نقصان پر صبر کرنے کی طاقت عطا کرے۔

بھارت کے پروگرام بگ باس 16سے مشہور ہونے والی اداکارہ صوندریا شرما نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ستیش کوشک کے اچانک انتقال کی خبر پر بہت حیرانی اور افسوس ہوا۔ مجھے ابھی تک یقین نہیں آرہا سر۔ میں ہمیشہ آپ سے انسپائر اور موٹی ویٹ ہوئی۔ میرے پاس الفاظ نہیں۔

ستیش کوشک 13اپریل 1956کو پیدا ہوئے، وہ نہ صرف اداکار تھے بلکہ ایک ہدایت کار، پروڈیوسر، مزاح نگار اور اسکرین رائٹر بھی تھے۔ ستیش کوشک کو فلموں مسٹر انڈیا ، دیوانہ مستانہ ، رام لکھن اور ساجن چلے سسرال میں اداکاری کے لئے اور سلمان خان کی فلم تیرے نام کی ہدایت کاری کے لئے جانا جاتھا تھا۔ انہوں نے آخری بار راکل پریت سنگھ کی فلم ’چھتری والی‘ میں کام کیا۔

ستیش کوشک نیشنل سکول آف ڈراما اینڈ فلم اسنٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سابق طالب علم تھے۔ انہوں نے 1995میں ششی کوشک کے ساتھ شادی کی تھی۔ ان کے بیٹے شانو کاشک کا انتقال 1996میں صرف 2سال کی عمر میں ہوا تھا۔

اداکار انوپم کھیر نے نیوز 18کو بتایا کہ ستیش کوشک کی میت جمعرات کو ممبئی لائی جائے گی۔ آنجہانی اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک نے منگل کے روز گیت نگار جاوید اختر کی ہولی پارٹی میں بھی شرکت کی تھی، انہوں نے 7مارچ کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر علی فضل ، رچاچڈھا اور جاوید اختر کے ساتھ ہولی تقریبات کی تصاویر بھی شئیر کی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp