بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ میرا خیال تھا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں سزائے موت ہوگی کیوں کہ پراسیکوٹر رضوان عباسی نے ان کو سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی، آج انصاف کا جنازہ نکالا گیا ہے، تحریک انصاف کے کارکن مایوس نہ ہوں اور اشتعال میں نہ آئیں، کارکنوں سے اپیل ہے کہ 8 فروری کو گھروں سے نکل کر اس نظام کے خلاف 100 فیصد ووٹ ڈالیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزائے موت دینے کی استدعا کی تھی، آج انصاف کا جنازہ نکالا گیا ہے، سب کو پتہ ہے کہ کیسز اڑتے کیسے ہیں لیکن عمران خان اور شاہ محمود قریشی مقدمات کا سامنا کریں گے، سائفر کیس میں گواہان کی کراس ایگزیمینیشن ہونا تھی، فارن سیکریٹری اور سفیر اور اعظم خان پر جرح ہونا تھی، ان سے جرح پر کون سے نام سامنے آنا تھے سب کو پتا تھا۔
علیمہ خان نے کہا کہ شروع سے عمران خان بتا رہے ہیں کہ ڈونلڈ لو جس نے پیغام بھیجا اور جنرل باجوہ جنہوں نے ریسیو کیا، وہ ذمہ دار تھے، اس خوف سے کہ کہیں یہ دو نام سامنے نہ آ جائیں، آج انصاف کا جنازہ نکالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کل میں نے وکلا سے پوچھا کہ آپ لوگوں کو پاکستان کے انصاف کے نظام کے بارے میں پتا تھا تو انہوں نے انصاف کے لیے کیا کیا؟ کیا وکلا بارز کی منظوری سے ججز اس لیے تعینات ہوتے ہیں کہ پاکستانی عوام کو اس قسم کا انصاف ملے؟ کیا وکلا تنظیموں کی ذمہ داری نہیں بنتی ہے کہ اگر وہ انصاف کی کرسی پر جن لوگوں کو بیٹھاتی ہیں تو ان کا احتساب کون کرے گا، جج ابوالحسنات نے کل جو تماشا لگایا اس سے ان کو ہدایت دینے والوں کا بھی تماشا بن گیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ آج ہم اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے کیوں کہ کل خصوصی عدالت نے عمران خان کے وکلا کو عدالت سے نکال دیا تھا۔ ‘جج کہتا ہے میں بیٹھوں گا، تم جاؤ یہاں سے، انہوں نے ہمارے ساتھ بدتمیزی کی، وہ بیچارہ کہہ رہا تھا کہ مجھے اپنی نوکری کی فکر ہے، میں نے اس کو کہہ دیا کہ آپ کو اپنی نوکری کی فکر ہے یہاں پر ان لوگوں کو سزائے موت یا 14 سال سزا ہوسکتی ہے۔ آگے سے جج صاحب نے کہا کہ آپ ان کو دھمکیاں دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا یہ انصاف کے تقاضے ہیں کہ ایسا انسان انصاف کی کرسی پر بیٹھ کر بدمعاشی کرے، ان کا خیال ہے کہ ہم بیٹھ کر تماشا دیکھیں گے، ہم پریشان نہیں ہیں، سب کو پتہ ہے کہ کیسز اڑتے کیسے ہیں لیکن عمران خان اور شاہ محمود قریشی مقدمات کا سامنا کریں گے، تحریک انصاف کے کارکن اشتعال میں نہ آئیں، اب اور بھی لازم ہو گیا ہے کہ اس نظام کے خلاف 8 فروری کو لوگ سو فیصد ووٹ ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ یہ ہورہا ہے تو کل ہمارے ساتھ بھی یہی ہوگا، اپنے آپ کو اس ناانصافی سے بچانا ہے تو 8 فروری کو ووٹ ڈالیں۔