آئندہ پارلیمنٹ بھی ہوا میں معلق رہے گی، سیاسی استحکام ممکن نہیں، وجاہت مسعود

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیئر صحافی و تجزیہ کار وجاہت مسعود نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی پارلیمنٹ بھی ہوا میں ہی معلق رہے گی، سیاسی استحکام ممکن نہیں۔

وی نیوز کے پروگرام ’صحافت اور سیاست‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وجاہت مسعود نے کہاکہ روشنی کی کرن ابھی بہت دور ہے کیونکہ اس وقت ہم 1971 سے زیادہ مخدوش حالت میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ریاست جب یہ کہتی ہے میں ہی ٹھیک ہوں تو سب غلط ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں صحافت بھی انحطاط کی شکار ہے۔

ہمارے ملک کا نظام ٹیلنٹ کو جذب کرنے کی صلاحیت کھو چکا

وجاہت مسعود نے کہاکہ ہمارے ملک کا نظام ٹیلنٹ کو جذب کرنے کی صلاحیت کھو چکا ہے۔ ہماری میڈیا انڈسٹری کا حال بھی ہماری فلم انڈسٹری جیسا ہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاست دانوں سے ناامیدی کی وجہ لیاقت علی خان کو لگنے والی گولی سے شروع ہوتی ہے۔ ہر ڈکٹیٹر شپ نے ہمارے سیاستدانوں کی پوری ایک نسل ختم کی ہے۔ ضیاالحق کے دور میں ذات پات، فرقہ پستی اور لسانی سیاست نے ہمیں گروپوں میں تقسیم کردیا۔

عوام کی سیاست کرنے والوں کو سائیڈ پر پھینک دیا گیا

سینیئر صحافی و تجزیہ کار نے کہاکہ وقت کے ساتھ ساتھ عوام کی سیاست کرنے والوں کو سائیڈ پر پھینک دیا گیا ہے۔ سیاستدانوں کی جگہ پراپرٹی ڈیلروں اور صنعتکاروں نے لے لی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی سیاست میں خم اس وجہ سے ہے کہ انہیں پتا ہے میرے پیچھے مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔ ہمارے ملک میں سیاسی ڈائیلاگ کا رواج نہیں ہے۔ راستہ سیاست سے ہی نکلتا ہے لیکن بدقسمتی ہمارے ہاں ابھی اس کی امید نہیں ہے۔

معاشی نظام کی بہتری کے لیے کم از کم 20 سال درکار ہیں

انہوں نے کہاکہ معاشی نظام کی بہتری میں کم ازکم 20 سال لگتے ہیں لیکن اتنا وقت ہمارے سیاسی نظام کو سوٹ نہیں کرتا۔ ہمارے پاس صرف یوتھ ایک اثاثہ ہے اس کو دنیا کے مطابق ڈھال لیں تو ترقی کرسکتے ہیں۔

گھر کے حالات دیکھ کر ہی ناانصافی کے خلاف بولنا شروع ہوا

ایک سوال کے جواب میں وجاہت مسعود نے کہاکہ گھر کے حالات دیکھ کر ہی ناانصافی کے خلاف بولنا شروع ہوا۔ اور میڈیکل کی تعلیم چھوڑ کر ادیب بننے آگیا۔ اور پھر ادیب بننے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے صحافت کی دنیا میں آگیا۔

وجاہت مسعود نے کہاکہ وسائل کی تقسیم کا اختیار اگر محدود گروپ کے پاس ہوتو ناانصافی کا نظام رائج ہو تا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp