کہاں برسے بادل اور کن مقامات پر ہوئی برفباری؟ سیاحوں کے لیے ہدایات کیا ہیں؟

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت ملک کے سیاحتی مقامات مری ، گلیات، کالام ، سوات، دیراور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،  یہ سلسلہ 4 فروری تک جاری رہے گا۔

مری، گلیات، آزاد کشمیر کی وادی نیلم سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات گلیات، مالم جبہ، کالام، سوات،مالاکنڈ شہر اور گردو نواح میں بھی مزید ارش اور برفباری ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے جاری ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار کا رخ کیا ہے، پاکستان ٹورازم نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ مری میں تقریباً 95 فیصد ہوٹلز بک ہو چکے ہیں، اس لیے سیاحوں سے گزارش ہے مری آنے سے پہلے ہوٹل بکنگ لازمی کروا کر آئیں۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری مختلف رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تیز بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہےاس لیے سیاح سیاحتی مقامات پر جاتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم سرد رہے گا،جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض علا قوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی بادل کھل کر برسے ہیں، کراچی کے علاقے قائد آباد میں سب سے زیادہ 7.5 ملی میٹر بارش ہوئی، نارتھ کراچی میں 4.4 ملی میٹر، ناظم آباد میں 3.2 کیماڑی میں 3اور سعدی ٹاؤن میں 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4 فروری تک برقرار رہے گا، مغربی ہواؤں کے زیراثر کراچی میں 2 اور 3 فروری کو مزید بارشیں متوقع ہیں۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق بارش سے کراچی میں فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 161 ریکارڈ کی گئی ، کراچی دنیا کے آلود ہ ترین شہروں میں 10 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp