بلوچستان میں پی ٹی آئی پرپابندیاں و حملے، امیدوار اب انتخابی مہم کیسے چلائیں گے؟

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سبی میں گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر حلقہ این اے 253 پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوارصدام ترین کی انتخابی ریلی کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد اس وقت پھٹا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔ دوسری جانب بدھ کی دوپہر کوئٹہ میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو ورکر کنونشن کرنے سے روکا گیا لہٰذا اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایسی صورتحال میں پی ٹی آئی صوبے میں اپنی انتخابی مہم کیسے چلائے گی۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ نے بتایا کہ اس وقت انتظامیہ سے لے کر عدالتیں تمام تر ہماری پارٹی کے پیچھے پڑی ہیں لیکن اس سب کے باوجود بلوچستان بھر میں ہماری انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔

ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے عمران خان کی کال پر ہم نے بلوچستان میں ریلیاں نکالیں حالاں کہ انتظامیہ نے ہمیں روکنے کے لیے کوئٹہ میں دفعہ 144 بھی نافذ کی لیکن پورے بلوچستان میں ریلیاں نکالی گئیں اور جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے تو وہ تو ملک بھر میں جاری و ساری ہے۔

’عمران خان نے ملک کو دہشت گردی کے دلدل سے نکال لیا تھا‘

ملک کو اپنی خارجہ پالیسی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر منیر بلوچ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان کو دہشت گردی کے دلدل سے نکالا تھا لیکن بد قسمتی سے ہماری حکومت کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر دہشت گردی نے سر اٹھانا شروع کیا۔ ان کا مزید کہا تھا کہ حال ہی میں بلوچستان بھر میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات رونما ہو رہے ہیں جن میں ہمارے جوان شہید ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی ریلی پر ہونے والے دھماکے کے باوجود ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنی انتخابی مہم کو اسی طرح جاری رکھیں گے اور اس حوالے سے امیدواروں کو کو بھی اپنا خیال رکھتے ہوئے 6 فروری تک انتخابی مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر میں پی ٹی آئی امیدوار کارنر میٹنگز اور جلسے جلوس منعقد کرتے رہیں گے اور ہم پرامید ہیں کہ ہم انخابات میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

’دیگر امیدواروں کو سیکیورٹی حاصل ہے ہمیں نہیں، نہ ہی لیول پلیئنگ فیلڈ میسر ہے‘

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار اور صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عالم خان نے سبی میں ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے روز اول سے امیدواروں کے لیے سیکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا لیکن ہمیں سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی جبکہ دیگر جماعتوں کے امیدوروں کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

عالم خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کی جائے تاہم وہ اپنی انتخابی مہم کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔

سیاسی تجریہ نگاروں کے مطابق بلوچستان کے پشتون شہری علاقوں میں پی ٹی آئی کا ووٹر آج بھی موجود ہے مگر مناسب تنظیم سازی نہ ہونے کی وجہ سے یہ ووٹر بھی تذبذب کا شکار ہے تاہم سبی حملے کے باوجود پارٹی کی انتخابی مہم جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp