امن و امان کے مسئلے پر الیکشن کمیشن کا اجلاس طلب، کیا انتخابات ملتوی ہوجائیں گے؟

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے جمعرات یکم فروری کو دن کے 3 بجے اجلاس بلا لیا.

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز و آئی جیز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو  شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن کے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں سیاسی جماعت کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کے جان بحق ہونے والے اور ضلع کیچ میں حلقہ پی بی 25 کے امیدوار کے گھر کے باہر دستی بم سے حملے  کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مچھ میں دہشت گردوں کے حملے کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے دوران 11 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ قبل ازیں قبل ازیں مچھ اور کولپور میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے سرکاری اور نجی عمارتوں پر راکٹ، بم اور گولیوں سے حملہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں منگل کو سبی میں پی ٹی آئی ریلی کے موقع پر بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں بدھ کی دوپہر حلقہ پی بی 45 کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی مدد جتک، کے کوئٹہ کے سریاب روڈ پر واقع دفتر پر نامعلوم  مسلح موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دفتر میں موجود 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ کیچ کے علاقے بلیدہ میں بھی سابق صوبائی  وزیر اور حلقہ پی بی 25 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار  ظہور بلیدی کے گھر  پر نامعلوم افراد 2 دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تاہم بم پھٹنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رواں ماہ کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انتخابی امیدواروں پر ایک درجن سے زائد حملے ہو چکے ہیں جن میں مجوعی طور پر 4 افراد جاں بحق جبکہ 24 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp