بالائی علاقوں میں مزید برفباری، مری میں سیاحوں کا داخلہ بند

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری کے دلکش مناظر اپنی آنکھوں میں سمیٹنے مری پہنچ گئی ہے مگر اب ملکہ کوہسار میں مزید سیاحوں کی گنجائش نہیں ہے، انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔

مری میں مسلسل برفباری سے سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک جام ہوگیا جس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سیاح گاڑیوں میں پھنس کر رہ گئے۔

شدید برفباری کے باعث مری کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق مری میں پہلے سے ہی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے مزید سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، مذکورہ فیصلہ مری انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

عرفان میمن کا کہنا ہے کہ مری میں رش کم ہونے پرسیاحوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جبکہ مری اور مضافاتی علاقوں کے لوگ شناختی کارڈ دکھا کر مری میں داخل ہوسکیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ بہارہ کہو، 17میل کے مقام پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موجود ہیں جو انتظامیہ کے احکامات کے مطابق عمل کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملکہ کوہسار مری اور گلیات کے مختلف مقامات پر ایک فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے، پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آئندہ 2دن میں مری مزید برفباری کا امکان ہے۔

گلیات میں برفباری

گلیات میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ گلیات کی بالائی چوٹیوں پر 9انچ کے قریب برفباری ہو چکی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، کم سے کم درجہ حرارت منفی 4جبکہ زیادہ سے زیادہ ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

راولپنڈی اسلام آباد میں 2دن بارش کے بعد مطلع صاف

جڑواں شہروں (راولپنڈی، اسلام آباد) میں دو دن بارش کے بعد مطلع صاف ہوگیا ہے اور چمکدار دھوپ نکل آئی ہے۔

خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں برفباری

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے چترال، بالاکوٹ، کالام، مالم جبہ میں شدید برفباری ہوئی ہے، بالاکوٹ میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، آزاد کشمیر کے علاقے نیلم میں مسلسل پانچویں روز برفباری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس سے شہروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

چلاس کے سیاحتی مقامات فیری میڈوز، نانگا پربت اور بابوسرٹاپ پر بھی برف کے گالے پڑے ہیں۔

شوگراں، سری پائے، مکڑہ پیک پر برف پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، ناران جھیل سیف الملوک، لولوسر لیک پر  4 فٹ برف ریکارڈ کی گئی۔

 

بارش اور برفباری کا سلسلہ 2روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے مزید 2روز تک پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ مری، گلیات میں مزید بارش اور برفباری کاامکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، چاغی،خاران،واشک،پنجگور،کیچ، گوادر، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیراورما لا کنڈ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد خشک رہے گا۔

لاہور میں موسم خوشگوار

گزشتہ روز لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔

موٹرویز پر دھند کا راج

جہاں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم خوشگوار ہوا ہے وہاں موٹرویز پر دھند کے ڈیرے ہیں۔ موٹروے ون کو رشکئی سے پشاور تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، موٹروے 5 بھی جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔

وہاڑی کے گردونواح میں بھی دھند کا راج ہے۔ موٹروے حکام نے شہریوں کو غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp