عالمی برادری غزہ کے لیے امداد کی فراہمی فوری بحال کرے، پاکستان

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے۔ عالمی برادری غزہ کے لیے امداد کی فراہمی فوری بحال کرے، پاکستان کو اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر بھی گہری تشویش ہے۔

ترجما ن دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے بھارتی شہریوں کے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کیے ہیں، پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

’پانچ فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، 5 فروری بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے‘۔

ممتاز زہرا بلوچ نے ایران کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا ہے، جہاں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اورایرانی ہم منصب کی ملاقات ہوئی۔ ایران اور پاکستان نے دوطرفہ تعلقات اورباہمی تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا، تربت اور زاہدان میں رابطہ افسران تعینات کرنے پربھی اتفاق ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp