چہل قدمی قبل از وقت موت سے تحفظ فراہم کرتی ہے، طبی تحقیق

جمعرات 9 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ میں ہوئی تحقیق کے مطابق روزانہ بارہ منٹ تک چہل قدمی سے دنیا بھر میں قبل از وقت ہونے والی دس فیصد اموات کی روک تھام ممکن ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی، رقص، سائیکل چلانے یا ہائیکنگ جیسی سرگرمیوں سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض اور کینسر کی مخصوص اقسام سے قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ہفتے میں 75 منٹ تک معتدل جسمانی سرگرمیوں کو عادت بنانے سے عالمی سطح پر دس فیصد قبل از وقت اموات کی روک تھام ممکن ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق معتدل جسمانی سرگرمیوں سے مراد ایسی سرگرمیاں ہیں جن سے دل کی دھڑکن تیز ہو جائے اور سانس پھول جائے۔ اگر آپ ہر ہفتے 75 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس دورانیے کو بتدریج بڑھانا ممکن ہے۔

ہر ہفتے 75 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیوں سے قبل از وقت موت کا خطرہ 23 فیصد تک کم ہو جاتا ہے

محققین نے تین کروڑ افراد پر ہونے والی چورانوے تحقیقی رپورٹس کی جانچ پڑتال، جسمانی سرگرمیوں اور مختلف امراض سے قبل از وقت موت کے خطرے کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا۔

نتائج سے اخذ کیا گیا ہر ہفتے 75 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمیوں سے قبل از وقت موت کا خطرہ 23 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ اسی طرح دل کی شریانوں کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ 17 فیصد جبکہ کینسر کے شکار ہونے کا خطرہ سات فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین کے مطابق ’روزانہ محض 11 منٹ کی تیز چہل قدمی سے بھی امراض قلب اور کینسر کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp