انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے، نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن ملتوی ہونے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے، پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بلوچستان خیبرپختونخوا کی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد تمام شرکا نے فیصلہ کیا کہ الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے۔

نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے، پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے یقین دہانی کرائی ہے کہ نگراں حکومتیں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں گی۔

انہون نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے 8 فروری کے انعقاد پر کوئی شبہ نہیں ہے، الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں دونوں صوبوں کے حکام نے امن و امان پر بریفنگ دی ہے، دونوں صوبوں میں ہونے والے دہشتگردی واقعات پر رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔

نگراں وزیر داخلہ کا دورہ بلوچستان

نگراں وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر اعجاز گوہر نے بلوچستان میں انتخابات کے پرامن اورکامیاب انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کی تیاریوں اوربہترین حکمت عملی پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پرامن انتخابات کے لیے نگراں حکومت پرعزم ہے۔ وفاقی حکومت بلوچستان میں پرامن انتخابات کے لیے صوبا ئی حکومت کوتمام تر وسائل مہیاکرے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کوئٹہ سیکرٹریٹ میں انتخابات 2024 کی تیاریوں اورامن امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگراں صو بائی وزیرداخلہ میرزبیرخان جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہدسلیم، کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اورالیکشن کے انعقاد کے لیے صوبائی حکومت کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

گوہر اعجاز نگراں وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تمام صوبوں میں الیکشن تیاریوں کاجائزہ لے رہے ہیں۔ قبل ازیں اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ حالیہ بولان حملوں میں سیکیورٹی فورسز کی فوری اوربھرپور جوابی کارروائی کی بدولت امن دشمن عناصر کو منہ کی کھانی پڑی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان اور افسران نے بہادری اور جرات سے مقابلہ کرتے ہوئے تخریب کاروں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا اجلاس کے دوران صوبے میں پولنگ اسٹیشن، ووٹرز امیدوار ان کی تعداد اور سیکیورٹی کی تعینات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے یکم فروری کو اجلاس طلب کیا تھا، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز و آئی جیز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp