قبائلی خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے سرگرم پی کے 71 سے پہلی خاتون امیدوار

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قبائلی ضلع خیبر میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پر جنرل نشست پر پہلی بار نسیم ریاض نامی خاتون آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ نسیم ریاض کا تعلق تحصیل باڑہ کے علاقہ ستوری خیل قبیلے سے ہے۔ 55 سالہ نسیم ریاض نے عربی میں بی اے آنرز کیا ہے اور گزشتہ کئی سال سے سوشل سیکٹر میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

تحصیل باڑہ کو کئی مسائل کا سامنا

نسیم ریاض نے باڑہ بازار میں انتخابی مہم کے دوران وی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ دہشتگردی سے متاثرہ علاقہ ہے جہاں خواتین کو صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر کئی مسائل کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔

نسیم ریاض کا مزید کہنا تھا، ’قبائلی اضلاع میں خواتین کو آگے آنے کے لیے مواقع میسر نہیں، حالانکہ ان میں بہت ٹیلنٹ ہے، یہی وجہ ہے کہ میں خواتین کے لیے ہر شعبے میں راہ ہموار کرنے کا مشن لے کر انتخابی میدان میں اتری ہوں۔‘

قبائلی اضلاع کی خواتین کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہے

پی کے 71 کی خاتون امیدوار نسیم ریاض نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو دیگر علاقوں میں مرد اور خواتین دونوں کام رہے ہیں، لیکن قبائلی اضلاع کی خواتین کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہے اور ان کے لیے بہت کم کام ہو رہا ہے۔

انہوں کہا کہ وہ پاکستان کی سطح پر تو نہیں لیکن اپنے علاقے کی سطح پر کام کرنے کا عزم لے کر جنرل الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ خواتین اور معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرسکیں۔

خاندان نے مکمل سپورٹ کیا

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن لڑنے کے فیصلے میں ان کے خاندان نے انہیں سپورٹ کیا، کیونکہ اگر کسی بھی خاتون کو اپنے گھر سے سپورٹ حاصل نہ ہو تو اس کے لیے کام کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور اس معاملے میں وہ خوش نصیب ہیں کہ ان کا خاندان انہیں سپورٹ کر رہا ہے۔

نسیم ریاض نے کہا کہ ان کے مقابلے میں پی کے 71 پر 23 مرد امیدوار بھی میدان میں ہیں، یہ مقابلہ ان کے لیے مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ہے، اس لیے اللہ سے امید ہے کہ وہ اپنے مقصد میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔

ابھی تک کوئی مشکل پیش نہیں آئی

نسیم ریاض نے کہا، ’مجھے انتخابی مہم کے دوران ابھی تک ان کو کوئی مشکل پیش نہیں آئی، میں اپنے علاقہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو میرے لیے الیکشن مہم بھی چلا رہے ہیں اور مجھے بڑی عزت دے رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا، ’ہار جیت ہوتی رہتی ہے، میں نے الیکشن میں حصہ لے کر اپنے علاقہ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، میں چھوٹے پیمانے پر فلاحی کام کر رہی ہوں لیکن اسمبلی فلور پر آکر اس دائرہ کار کو بڑھانا چاہتی ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی خدمت کر سکوں۔‘

قبائلی خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے

نسیم ریاض کے مطابق قبائلی اضلاع کی خواتین میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن اگر انہیں مواقع میسر ہوں تو سیاست سمیت ہر شعبہ زندگی میں وہ اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکتی ہیں۔ نسیم ریاض نے بتایا کہ وہ ملکہ کے انتخابی نشان پر آزاد حثیت سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔

خواتین الیکشن کے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں

انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 50 فیصد سے زیادہ خواتین کی آبادی ہے، اس لیے ہر شعبے میں ان کو آگے آنا چاہیے اور قبائلی خواتین کو بھی ہر میدان میں آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ٹرن آﺅٹ اہمیت کا حامل ہے، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی چاہیے کہ الیکشن کے روز بڑی تعداد میں نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp