الیکشن پر چھٹیاں، لوگ کیا پلان کررہے ہیں؟

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جہاں اپنے آخری مراحل میں ہیں، وہیں انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر پنجاب اور صوبہ سندھ میں حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی جانب سے صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکول، کالج اور جامعات میں 6 فروری سے 9 فروری تک چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، اس اعلان کی روشنی میں اگر مجموعی چھٹیوں کا شمار کیا جائے تو 5 فروری اور ویک اینڈز کو ملا کر کل 9 چھٹیاں بن جاتی ہیں۔

عام انتخابات کی چھٹیوں کے اعلان کے بعد عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور لوگ اپنی چھٹیاں سیرو تفریح اور سماجی رابطوں کے حوالے سے ترتیب دے رہے ہیں۔

لاہور کی رہائشی صائمہ کہتی ہیں کہ وہ پہلے ہی مری یا شمالی علاقہ جات کی سیر کا سوچ رہی تھیں لیکن چونکہ فروری کے آخر میں بچوں کے امتحانات ہوتے ہیں تو اس صورت میں گھر سے نکلنا بہت مشکل تھا کیونکہ بچوں کو امتحانات کے حوالے سے تیاری کروانی ہوتی ہے۔

’لیکن اب چھٹیوں کے اعلان سے بڑی خوشی یہ ہے کہ اس بار ہم مری جا کر برفباری سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔‘

راولپنڈی کے رہائشی محمد عثمان جاوید کے لیے اتنی چھٹیوں کا اعلان غیر متوقع تھا۔ ’میری بیٹی کے امتحانات قریب تھے جس کی وجہ سے بھانجی کی شادی میں شرکت بہت مشکل لگ رہی تھی۔ لیکن 9 چھٹیوں نے مسئلہ حل کردیا، اب یقینی طور پر شادی میں شرکت کریں گےکیونکہ بیٹی کی چھٹیوں کے باعث پڑھائی کا بھی حرج نہیں ہوگا۔‘

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی سمیرا احمد کے 4 بچے ہیں اور چاروں ہی اسکول جاتے ہیں، ان کے لیے دن بھر کی گھریلو مصروفیات کے باعث گھر سے نکلنا بہت مشکل ہوتا ہے، کیونکہ ایک دن بھی باہر جانے کی صورت میں بچوں کے اسکول، ٹیوشن اور مسجد سے چھٹی ہو جاتی ہے۔

ان کے بہت سارے رشتہ دار اسلام آباد میں رہتے ہیں اور اتنا قریب ہونے کے باوجود بھی زندگی کی مصروفیات سے وقت نکالنا بہت مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر جب بچے پڑھ رہے ہوں تو وہ ان چھٹیوں کا ضرور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے جائیں گی۔

صوبہ پنجاب میں چھٹیاں فیملیز اپنے اپنے آبائی علاقوں میں روانہ؟

پنجاب حکومت نے 6 سے 9 فروری تک چھٹیوں کا اعلان کررکھا ہے، آٹھ فروری کو الیکشن کا دن ہے، اس حوالے سے حکومت نے یہ چھٹیاں دی ہیں تاکہ لوگ اپنے حق رائے دہی کا حق سکون سے ادا کرسکیں۔ ان چھٹیوں میں لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک اچھا اقدام حکومت کی طرف سے کیا گیا ہے کیونکہ جب بھی انتخابات آتے ہیں تو جو لوگ دوسرے شہروں میں کام کر رہے ہوتے ہیں وہ اپنے آبائی علاقوں میں نہیں جا پاتے تھے لیکن چونکہ اس بار چھٹیاں زیادہ ہیں تو زیادہ عوام اپنے آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہو رہی ہے۔

وی نیوز سے ایک فیملی کی بات ہوئی تو انہوں بتایا کہ وہ 2013 اور 2018 میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے تھے اسکی وجہ صرف ایک چھٹی تھی اور الیکشن اتوار کے دن تھا، بچے بھی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کی وجہ سے مصروف رہتے تھے اس وجہ سے ووٹ نہیں کاسٹ کر پائے۔ لیکن اب کی بار موقع ملا ہے ہم اپنے بچوں کے ساتھ اپنے اپنے آبائی علاقوں میں جائیں گے، جہاں پر ہمارے ووٹ کا اندراج ہے ہم جاکر اپنے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کریں گے۔ یہ ہمارا حق ہے کہ ہم جس کو چاہیں ووٹ دیں، یہ الیکشن عوام کی طاقت ہوتے ہیں اور لوگوں کو اپنی اس طاقت کا صحیح معنوں میں استعمال کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp