پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایک شخص چوتھی بار وزیراعظم مسلط ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
سندھ کے علاقے چھاچھرو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ میاں صاحب نے غلط بیانی کی کہ تھرکول کا منصوبہ انہوں نے دیا تھا، کیونکہ یہ منصوبہ پیپلزپارٹی نے شروع کیا تھا اور 8 فروری کے بعد اس پر مزید کام ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ میں واحد سیاستدان ہوں جو 8 فروری کے انتخابات کے لیے پاکستان کے عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں جبکہ دیگر جماعتیں کسی اور طرف دیکھ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھ دھرتی کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 8 فروری کو صرف تیروں کی بارش ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں عوام کے مسائل کا احساس ہے اور اسی کی بنیاد پر ہم نے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ جس پر عملدرآمد سے عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم لوگوں کی آمدن دُگنی کرنے کے ساتھ ساتھ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتیں ذاتی دشمنی کی سیاست کر رہی ہیں مگر ہم دشمنی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، اس لیے پاکستان کے عوام نئی سوچ کو چنیں۔ ہم نفرت کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔
نواز شریف کے سہولت کار سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں
انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے سہولت کار سندھ میں ستارے کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو آپ کا ووٹ لے کر رائیونڈ کی خدمت کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ سنا ہے شیر والے کارونجھر کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ وہ کارونجھر کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں تو ہم ہاتھ کاٹ دیں گے، ہم آپ کے اثاثے کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف 3 بار وزیراعظم رہے مگر سندھ کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔