نگراں حکومتِ پنجاب کا واہگہ بارڈر کو شاہی قلعہ کی طرز پر تعمیر کرنے کا فیصلہ

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے 39واں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باب آزادی واہگہ بارڈرکی اپ گریڈیشن کرکے شاہی قلعہ کی طرز پر ری ڈیزائن کیا جائے گا۔

صوبائی کابینہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت باب آزادی اور پریڈ گراؤنڈ کی توسیع وری ڈیزائن پراجیکٹ اورفنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ باب آزادی کو شاہی قلعہ کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی  نے کہا کہ داخلی گیٹ شاہی قلعہ کے عالمگیری گیٹ کی طرز پر ڈیزائن کیا جائے گا، باب آزادی پر پریڈ دکھانے کے لیے بڑی ایل سی ڈیز بھی نصب کی جائیں گی۔

’پریڈ گراؤنڈ کی توسیع کے ساتھ بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور پارکنگ ایریا کو مزید کشادہ کیا جائے گا‘۔

کابینہ اجلاس میں بریفینگ دی گئی کہ اپ گریڈیشن کے بعد پریڈ گراؤنڈ میں لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تقریباً 18 ہزار ہوجائے گی، باب آزادی پراجیکٹ کی اونچائی تقریباً 120 فٹ ہوگی۔

کابینہ اجلاس میں لبرٹی چوک کی ری ماڈلنگ اور جنوبی ایشیاء کے سب سے بڑے قومی پرچم کے لیے بینک الفلاح سے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔

لاہور میٹروبس سروس کے کوریڈور کی تعمیر و توسیع کے لیے فنڈز کی منظوری کے ساتھ  بینک آف پنجاب کے نئے بورڈ کے ارکان کی نامزدگی کی بھی منظوریدی گئی۔

حکومت پنجاب کی سرکاری رہائش گاہیں الاٹ کرنے کی پالیسی 2023، بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈ وبس سروس کے معاہدے کی توسیع، اور اجلاس میں محکمہ جیل خانہ جات کو محکمہ فوڈ کی جانب سے گندم اور آٹے کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی قانونی امور و نجکاری کے 14ویں اجلاس اور کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی امن و امان کے 8ویں، 12ویں، 13ویں، 14ویں، 15 ویں اور 16ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹرجنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp