’پورا کراچی ہی سی ویو بن گیا‘ سوشل میڈیا صارفین کی سندھ حکومت پر شدید تنقید

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں گزشتہ روز سے جاری بارش نے جہاں نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے وہیں کئی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا جبکہ شہر کے کئی حصے بجلی سے بھی محروم ہو گئے۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا رخ کیا تو انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا بلکہ جب بھی کراچی میں بارش ہوتی ہے تو شہریوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ الیکشن سے پہلے ہونے والی اس بارش نے عوام کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ صارف عائشہ نے لکھا اچھا ہے کراچی میں الیکشن سے چند دن پہلے بارش ہوگئی کہیں کراچی والے بھول نہ جاتے کہ سندھ حکومت نے پچھلے سولہ سالوں میں اس شہر کا کیا حال کیا ہے۔


ایک صارف نے کراچی کی اہم تجارتی سڑک کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پانی میں ڈوب چکی ہے، صارف نے لکھا کراچی کی اہم تجارتی سڑک آئی آئی چندریگر روڈ بارش کے دس گھنٹوں بعد بھی پانی سے لبالب بھری ہے۔


ایک صارف نے طنزیہ انداز میں کراچی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’کراچی پیرس بن گیا ہے‘


صارف فہیم نے بارش کے بعد کراچی کی سڑکوں پر جمع پانی کی ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’واہ پورا کراچی ہی سی ویو بن گیا ‘


واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ پورا دن وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرق سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جو دن کے اوقات میں 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 92 فیصد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp