وی نیوز کے اسلام آباد آفس کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیت نے وی نیوز کے اسلام آباد آفس کا دورہ کیا۔
آفس کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما فرحت اللہ بابر، دی نیوز سے وابستہ سینیئر صحافی عمر چیمہ، مہتاب حیدر ، فخر درانی، اردو نیوز سے خرم شہزاد اور اسرار احمد ، سنو ٹی وی سے طارق حبیب اور کامران خان، وکلاء برادری سے ممتاز وکیل دانیال حسن اور کاروباری شخصیت اویس خان نے بھی وی نیوز کا دورہ کیا۔
آفس آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا کہ ’وی نیوز‘ کا آغاز خوش آئند بات ہے۔ امید ہے کہ جدید خطوط پر استوار یہ پلیٹ فارم درست خبروں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس موقع پر مہمانوں نے وی نیوز کے لانچ کے پہلے ہی دن مریم نواز کا کامیاب انٹرویو نشر کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وی نیوز صحافتی دنیا کا ایک نیا نام ہو گا، حقائق کی بنیاد پر پیشہ وارانہ صحافت کو فروغ دے گا۔ اس موقع پر وی نیوز کے آفس میں کیک بھی کاٹا گیا۔