نمیبیا کی آزادی کے ہیرو صدر ہیج گینگوب انتقال کرگئے، پاکستان سمیت تمام ممالک کا اظہارِ افسوس

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نمیبیا کی آزادی اور نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کے ہیرو مانے جانے والے نمیبین صدر ہیج گینگوب کینسر سے لڑتے لڑتے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ہیج گینگوب کے انتقال پر پاکستان، جرمنی، روس سمیت دُنیا بھر کے ممالک نے انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

نمیبیا کی حکومت نے اتوار کو باضابطہ ہیج گینگوب کے انتقال کا اعلان کیا، حال ہی میں گینگوب نے نسل کشی سے متعلق کنونشن میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کی عالمی عدالت انصاف میں مقدمے کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا اور اسرائیل کی حمایت پر جرمنی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جرمنی اپنا ماضی بھول گیا۔

ہیج گینگوب نے نمیبیا کے صدر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت پوری کرتے ہوئے گزشتہ ماہ انکشاف کیا تھا کہ ان کو کینسر کا عارضہ لاحق ہے جس کا علاج چل رہا ہے۔

سابق نائب صدر ننگولو مبومبا نے اتوار کے روز نئے نائب صدر نیتمبو نندی ندوہ کے ساتھ صدر کے طور پر ہیج گینگوب کے جانشین کے طور پر حلف لیا۔ اب ننگولو مبومبا اور نیتمبو نندی ندوہ اس سال کے آخر میں صدارتی اور قومی اسمبلی کے انتخابات تک خدمات سر انجام دیں گے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ننگولو مبومبا نے صدر ہیج گینگوب کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ ہمارے پیارے ڈاکٹر ہیج جی گینگوب، جمہوریہ نمیبیا کے صدر آج انتقال کر گئے ہیں۔ انتقال کے دوران ان کی پیاری اہلیہ میڈم مونیکا گینگوس اور ان کے بچے بھی موجود تھے۔

پاکستان کا نمیبیا کے صدر کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر گینگوب ایک زیرک سیاستدان، نمیبیا کی آزادی کی جدوجہد کے نمایاں آئیکون اور نمیبیا کے آئین کے اہم معمار تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیج گینگوب کی نمیبیا کی قوم اور نسلی امتیاز کے خاتمے اور جنوبی افریقی ممالک کے حقوق کے لیے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں ہیج گینگوب کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جنوبی افریقا کا اظہار افسوس

ادھر جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا نے کہا کہ آج جنوبی افریقہ اپنے ایک بہترین رہنما، محب وطن اور دوست کے انتقال پر سوگ میں اپنے دوست ملک نمیبیا کے عوام کے ساتھ ہے۔

کینیا کے صدر اور ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر کا اظہار افسوس

کینیا کے صدر ولیم روٹو اور کئی دیگر افریقی رہنماؤں نے بھی ان کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ادھر ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے نمیبیا کے باشندوں کے لیے صحت کے شعبےکو بہتر بنانے کے لیے ہیج گینگوب کے کام کو سراہا اور انہیں ’ دور اندیش رہنما‘ قرار دیا۔

روسی صدر کا اظہار افسوس

افریقی یونین کمیشن کے سربراہ موسیٰ فاکی مہامت، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ وہ اس حیرت انگیز شخص کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ 2014 میں پہلی بار منتخب ہونے والے گینگوب نمیبیا کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعظم اور تیسرے صدر تھے۔

سنہ 2013 میں گینگوب کے دماغ کی سرجری ہوئی تھی اور گزشتہ برس ہمسایہ ملک جنوبی افریقہ میں ان کا ایورٹک آپریشن ہوا تھا، وہ ونڈہوک کے لیڈی پوہمبا اسپتال میں زیر علاج تھے اور اتوار کو انتقال کر گئے۔

صدر ہیج گینگوب نمیبیا کے بانیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے ملک کی جمہوری ترقی کے لیے عظیم خدمات انجام دیں۔1941 میں شمالی نمیبیا کے ایک گاؤں میں پیدا ہونے والے ہیج گینگوب اوامبو لوگوں سے باہر جنوبی افریقی ملک کے پہلے صدر تھے، اپنے ابتدائی سالوں میں انہوں نے جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کے خلاف اپنی تحریک کا آغاز کیا، 1964 ء میں انہیں اقوام متحدہ میں سوپو لبریشن موومنٹ کا نمائندہ مقرر کیا گیا۔

انہوں نے بوٹسوانا اور ریاستہائے متحدہ امریکا میں تقریبا 3 دہائیاں گزاریں ، 1989 میں نمیبیا واپس آئے اور اپنے آزاد وطن میں سوپو کی انتخابی مہم کی قیادت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp