ویسٹ انڈیز کے کرکٹر فیبین ایلن کو مسلح افراد نے جنوبی افریقہ میں بندوق کی نوک پر لوٹ لیا ہے۔
غیرملکی میڈیا ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے 28 سالہ کرکٹر فیبین ایلن(جو اس وقت جنوبی افریقہT20 لیگ میں فرنچائز پارل رائلز کی نمائندگی کررہے ہیں) کو جوہانسبرگ میں ان کی ٹیم کے ہوٹل کے باہر ایک افسوسناک واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔
فیبین ایلن کو سینڈٹن سن ہوٹل کے قریب مسلح حملہ آوروں نے روکا، حملہ آور بندوق اٹھائے ہوئے تھے، جو فیبین ایلن سے فون اور بیگ لے کر فرار ہوگئے جبکہ اس غیر متوقع واقعے سے فیبین ایلن شدید خوفزدہ ہوگئے۔
پارل رائلز ٹیم اور کرکٹ ویسٹ انڈیز سے وابستہ متعدد ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے کہ فیبین ایلن کو مسلح افراد نے لوٹ لیا تاہم اس دوران مسلح افراد نے فیبین ایلن کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔
دوسری طرف اس واقعے نے جنوبی افریقہ T20 لیگ میں شرکت کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کی حفاظت کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے اور وہاں کھلاڑیوں کے حفاظتی اقدامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔