بشریٰ بی بی نےاڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ وہ اڈیالہ جیل میں اپنی قید کی سزا گزارنا چاہتی ہیں، انہیں بنی گالہ سے اڈیالہ جیل میں منتقل کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا بعد ان کی رہائش گاہ بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

بشریٰ بی بی نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ’ دوسرے سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں، میں بھی کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا آڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے۔

انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ 31 جنوری کو صبح 10بجے سے لے کر رات 9 بجے تک انہیں اڈیالہ جیل میں انتظار کروانے کے بعد سب جیل میں منتقل کیا گیا، پوچھنے پر انہیں بتایا گیا بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا، چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا 31جنوری کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ  31 جنوری کو احتساب عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بالترتیب 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp