بلاول بھٹو کی انتخابی اہلیت سپریم کورٹ میں چیلنج

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کی انتخابی اہلیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

شاہ محمد زمان نامی شہری کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کی گئی ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں جس کا انتخابی نشان تلوار ہے، جبکہ وہ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ پر تیر کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔

اپیل کے مطابق ایکٹ کے تحت کوئی شخص بیک وقت 2 جماعتوں کا ممبر نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے قانون کا درست جائزہ نہیں لیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو کو تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخابی نشان تلوار ہے اور ماضی میں پیپلزپارٹی اسی نشان پر انتخابات میں حصہ لیتی تھی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے نام چھن جانے کی صورت میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام سے نئی جماعت رجسٹرڈ کروا کر تیر کا انتخابی نشان حاصل کیا گیا تھا اور آج تک اسی نشان پر الیکشن میں حصہ لیا جا رہا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہیں، عام لوگ اس حوالے سے بہت کم جانتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp