انتخابات 2024: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابات 2024 کی پولنگ کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن 10 اور 11 فروری کو سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سیکر ٹریٹ 10 اور 11 فروری 2024 کو کھلا رہے گا، 10 اور 11 فروری کو امیدواروں کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستوں پر الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 95 کے تحت دفتری اوقات کار صبح 8:30 سے شام 4:30 تک وصول کی جائیں گی۔

ان درخواستوں پر الیکشن کمیشن میں سماعت 10 اور 11 فروری (ہفتہ اور اتوار) کو بھی ہو گی۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پٹیشن جمع کرانے کے لیے ضروری ہدایات اور قواعد و ضوابط الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست دینے کے لیے ہدایت نامہ کے چیدہ چیدہ نکات کیا ہیں؟

ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے درخواست گزاروں کو اصل درخواست اور اس کی 8 کاپیاں مع مکمل تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کروانا ہوں گی، درخواست گزاروں کو درخواست پر تاریخ لکھنا ہوگی۔

درخواست دہندگان کو درخواست کی سافٹ کاپی (PDF) میں ہمراہ یو ایس بی میں ثبوت الیکشن کمیشن کے سپرد کرنا ہوں گے۔

مزید یہ کہ درخواست دہندگان کو اپنے شناختی کارڈ کی کاپی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوگی اور اپنا درست موجودہ پتہ اوررابطہ نمبر درخواست پر لکھنا ہوگا۔

مدعاعلیان اگر کسی وکیل کے ذریعے درخواست دائر کریں گے تو انہیں درخواست کے ہمراہ وکالت نامہ لف کرنا ہوگا اور وکیل کا کارڈ اور رابطہ نمبر بھی الیکشن کمیشن کو دینا ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے دائر تمام درخواستیں صرف مقررہ تاریخ اور وقت پر سماعت کے لیے مقرر ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp