الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپر کی پرنٹنگ اور سائز سے متعلق چلنے والی ایک ویڈیو کو گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بیلٹ پیپر ہمیشہ سے امیدواران کی تعداد کے لحاظ سے سنگل، ڈبل اور ٹرپل کالم اور اردو حروف تہجی کی ترتیب میں پرنٹ کیا جاتا ہے، اس دفعہ بھی اسی ترتیب سے پرنٹ کیا گیا ہے تاہم بیلٹ پیپر کی فولڈنگ اور الیکشن کے دیگر مراحل سے متعلق معلوماتی ویڈیوز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹرز کو سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں پر اعتبار کرنے کی بجائے معلومات کے لیے صرف الیکشن کمیشن کی جاری کردہ آگاہی ویڈیوز سے استفادہ کرنا چاہیے یا ووٹرز الیکشن کمیشن کی ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے انتخابات 2024 کے دن ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو فارم 45 کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اپنے پیغام میں کہا کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹس سے دستخط کروا کر پولنگ اسٹیشنز کے باہر آویزاں کریں گے۔
سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا، فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔