کس سیاستدان نے کہاں ووٹ کاسٹ کیا؟

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، اس دوران سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات نے اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ کاسٹ کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شہبازشریف پہلے سیاستدان تھے جنہوں نے عام انتخابات 2024 کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے این اے 128 ماڈل ٹاؤن لاہور میں اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عون چوہدری کو ووٹ ڈالا۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور اڈیالہ جیل میں موجود دیگر معروف سیاسی شخصیات نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا۔ تاہم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ووٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں کیونکہ ان کی سزا اور گرفتاری پوسٹل ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہوئی تھی۔ شاہ محمود قریشی، چوہدری پرویزالہٰی، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے بھی جیل میں حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما اور آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے نوابشاہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔

سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سیہون شریف سندھ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے این اے 51 مری میں ووٹ کاسٹ کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے حلقہ این اے 46 کے پولنگ اسٹیشن اسلام آباد ماڈل سکول ڈورہ میں سب سے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حلقہ این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان میں ووٹ کاسٹ کیا۔ سینئر ڈپٹی کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان و حق پرست نامزد اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-241/244 ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنا ووٹ پی آئی بی کالونی میں کاسٹ کیا۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے اہلیہ کے ہمراہ بغیر پروٹوکول اپنا اپنا ووٹ بوائے سکاوٹ ہیڈکوارٹر میں قائم پولنگ اسٹیشن کوئٹہ میں کاسٹ کیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے سانگھڑ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھر نے این اے 47 اسلام آباد میں ووٹ کاسٹ کیا۔

این اے 56 راولپنڈی سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی نے اپنے حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ عطا تارڑ نے این اے 127 لاہور میں ووٹ کاسٹ کیا۔

صدر عارف علوی نے ایکس پر پوسٹ پر لکھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندے منتخب کرنے کے لیے آپ کے ووٹ کے ذریعے آپ سے ذاتی رائے طلب کی ہے۔ اس لیے یہ آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمہ داری ہے۔ صدر عارف علوی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ڈی ایچ اے فیز 6 کراچی میں ووٹ کاسٹ کیا۔

مسلم لیگی رہنما خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ مسلم لیگی رہنما خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے این اے 128 لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔ ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے نکلیں ووٹ کاسٹ کریں، ملک سے بدتہذیبی، بدتمیزی کا کلچر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی صاحبزادی مریم نواز، پرویز رشید اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری بھی نواز شریف کے ہمراہ موجود تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ایل بی او ڈی کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق صدر حلقہ این اے 207 نواب شاہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حلقہ این  اے 128 لاہور میں ممتاز میموریل گلبرگ-III پولنگ اسٹیشن پر ووٹ کاسٹ کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے اپنے حلقے لودھراں میں ووٹ کاسٹ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سب لوگ گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔ 5 سال کے لیے حکومت بنے تاکہ معیشت مستحکم ہوسکے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حلقہ این اے 6 لوئر دیر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ بعد ازاں سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم سے اپیل ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا ووٹ استعمال کرکے پاکستان کو کرپشن سے پاک اور عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ مولا بخش چانڈیو نے پیپلز پارٹی کے امیدوار جام خان شورو کو اپنا ووٹ دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ موبائل سروس بند رہے گی تو وہی 2018 والا معاملہ ہوگا۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید قائم علی شاہ نے جیلانی محلہ پولنگ اسٹیشن خیر پور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا شام تک جب نتائج آئیں گے تو بلاول بھٹو زرداری ہمارے وزیراعظم بنیں گے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹنڈو جام میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے این اے 65 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ خورشید شاہ نے این اے 200 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 202 میں ووٹ کاسٹ کیا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے آبائی علاقے مرغز میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ رہنما ایم کیو ایم پاکستان رؤف صدیقی نے این اے 248 پولنگ اسٹیشن نمبر 12 میں ووٹ ڈالا۔

تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے گورنمنٹ پرائمری اسکول کلپانی ڈگر بونیر میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا آج نازک دن ہے، عوام کو ووٹنگ کے لیے زیادہ سے زیادہ باہر نکلنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp