تاخیر اور بدنظمی کا شکار ، کراچی کا حلقہ این اے 236

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 236 کے مختلف پولنگ اسٹیشن پر تاخیر سے پولنگ کے آغاز اور انتخابی عمل میں بدنظمی کی شکایات کے ساتھ جہاں ایک طرف ووٹرز بغیر ووٹ دیے گھر واپس جانے پر مجبور ہوئے وہیں یہ حلقہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹرینڈ بھی کرتا رہا ہے۔

اسی حلقہ میں شامل رہائشی علاقے گلستان جوہر میں قائم ایک پولنگ اسٹیشن  پریزائیڈنگ افسر پولنگ اسٹیشن کے آخری کمرے میں جاکر سوگئے تھے، جس کےباعث پولنگ اسٹیشن پر مرد اور خواتین ووٹرز کی لمبی قطار لگ گئی، پریزائیڈنگ افسر کے خلاف پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز کی شکایات کا انبار لگ گیا۔

اس پولنگ اسٹیشن پر صبح ووٹنگ کا عمل بھی 10 بجے کے بعد شروع کیا گیا تھا، پولنگ اسٹیشن پر ڈی آئی جی ایسٹ کی آمد پر پریزائیڈنگ افسر اٹھ کر باہر آئے تاہم ان کا موقف تھا کہ ان کی طبیعت گزشتہ شب سے ہی خراب ہے، ان کا تعلق کراچی میونسپل کارپوریشن سے ہے۔

یوں تو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اپنے ایک بیان میں واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ پولنگ کا عمل 5 بجے شام اپنے مقررہ وقت پر ہی ختم ہوگا، تاہم این اے 236 میں شامل رہائشی فلیٹوں پر مشتمل اسکیم عسکری فیز 4 میں پولنگ کا عمل 3 بجے سہ پہر شروع ہوسکا۔

یہاں موجود رجسٹرڈ ووٹرز کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے پولنگ کے آغاز کے منتظر تھے، جو صبر آزما انتظار کے بعد 3 بجے ممکن ہوا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولنگ کا عمل 5 بجے بند کرنا سراسر زیادتی ہوگی، عسکری فور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 ہزار کے لگ بھجگ ہے۔

اسی حلقہ میں شامل ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع حشمت میموریل اسکول میں پولنگ اسٹاف کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ کا آغاز ہی نہیں ہوسکا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھی اس حلقے کی مختلف ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں، تاہم اب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ایکس پر مختلف ووٹرز کی جناب سے پوسٹ کیئے گئے پیغامات کے مطابق پولنگ عملے کی عدم موجودگی کے باعث ووٹرز این اے 236 کے مختلف پولنگ اسٹیشن کے باہر گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد ووٹ کاسٹ کیے بغیر ہی واپس جانے پر مجبور ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp