انڈر۔ 19 ورلڈ کپ، آسٹریلیا پاکستان کو شکست دے کرفائنل میں پہنچ گیا

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا نے انڈر۔19  ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے 179رنز کے تعاقب میں مقررہ ہدف 49.1 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

جمعرات کو انڈر۔19 ورلڈ کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آسٹریلیا کو 180 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 49.1 اوور میں مقررہ ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، اس طرح آسٹریلیا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے سیمی فائنل جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔

جمعرات کو انڈر۔19 ٹی۔ 20 ورلڈ کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے اذان اویس اور عرفات منہاس کی محتاط بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو 180 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔ دونوں بلے بازوں نے 52 ، 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

 پاکستان کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گری جب شمائل حسین 17 رنز بنا کر اسٹراکر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، اس کے فوری بعد 27 رنز کے مجموعی اسکور پر دوسری وکٹ بھی گر گئی جب شاہ زیب خان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 43 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعد بیگ 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھی وکٹ 53 کے مجموعی اسکور پر گری جب احمد حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، پاکستان کی طرف ہارون ارشد نے 8 ، اذان اویس نے 52 ، عرفات مہناس نے بھی 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور میں 104 رنز کا اضافہ کیا، اس کے بعد کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی کریز پر جم کر نہ کھیل سکا۔

پاکستان کی طرف سے عبید شاہ نے 6 ، محمد ذیشان نے 4 جب کہ علی رضا صفر پر آؤٹ ہوئے، نوید احمد خان نے 9 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آسٹریلیا کی طرف سے ٹوم اسٹریکر نے سب سے عمدہ باولنگ کی، انہوں نے اپنے 9.5 اوورز میں 24 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ماہلی بریڈمین، کالم وڈلر، راف میک میلن اور ٹوم کمپل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے عمدہ بیٹنگ اوپنر بلے باز ہیری ڈکسن نے کی انہوں نے 50 رنز اسکور کیے، جب کہ اولیور پیک نے 49، ٹوم کمپبل نے 25 سیم کونسٹاس نے 14 رنز اسکور کیے، باقی آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی بہتر کارکردگی نہ دکھا سکا تاہم وہ 49.1 اوور میں اپنا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے عمدہ باؤلنگ علی رضا نے کی، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عرفات منہاس نے 2 ، عبید شاہ اور نوید احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp