پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیت لی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 لاہور سے نشست جیت لی ہے۔
شہباز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 123 سے 63 ہزار 953 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار افضال عظیم پاہٹ 48 ہزار 486 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں
شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 سے بھی کامیابی حاصل کی ہے، اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق انہوں نے 38 ہزار 642 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
صوبائی نشست پر شہباز شریف کے مدمقابل چوہدری یوسف علی نے 23 ہزار 847 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مریم نواز نے پی پی 159 لاہور سے 23 ہزار 598 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ہے، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار مہر شرافت 21 ہزار 491 ووٹ لے سکے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کے بعد نتائج تاخیر کا شکار ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے فوری نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔