خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ضلع نوشہرہ کی 7 کی 7 نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔
ضلع نوشہرہ میں قومی اسمبلی کی 2 نشستیں ہیں۔ این اے 33 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار احد علی شاہ نے 20 ہزار 962 ووٹ لیکر مقابلہ جیت لیا۔ دوسرے نمبر پر عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار خان پرویز 5 ہزار 605 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک کو محض 5 ہزار 287 ووٹ مل سکے۔
مزید پڑھیں
ضلع نوشہرہ میں قومی اسمبلی کے دوسرے حلقے این اے 34 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ذوالفقار علی 24 ہزار 2 سو ووٹ لیکر فاتح قرار پائے جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے عمران خٹک 7 ہزار 4 سو 56 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع نوشہرہ میں صوبائی اسمبلی کی 5 نشستیں ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 85 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار زار عالم 29 ہزار 94 ووٹ لیکر مردِ میدان رہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار حامد علی خان 9 ہزار 8 سو 43 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 86 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ادریس خٹک 35 ہزار 88 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار مسعود عباس 11 ہزار 8 سو 41 ووٹوں کے ساتھ رنر اپ رہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 87 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خلیق الرحمان 24 ہزار 108 ووٹ لیکر فتح یاب ہوئے جبکہ آزاد امین اکسر 8 ہزار 7 سو 65 ووٹوں کے ساتھ رنر اپ رہے۔ جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک 8 ہزار 62 ووٹ لیکر تیسرے درجے کے امیدوار ثابت ہوئے۔
ضلع نوشہرہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 88 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار میاں عمر 32 ہزار 7 سو 51 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے احد خٹک 10 ہزار 8 سو 23 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک 7 ہزار 81 ووٹ لیکر ہزیمت کا شکار ہوئے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 89 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اشفاق احمد 18 ہزار 509 ووٹ لیکر جیت گئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے امیدوار میاں افتخار
9 ہزار 51 ووٹوں کے ساتھ رنر اپ رہے جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے عمراں خٹک 7 ہزار 703 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر قرار پائے۔