ن لیگ حکومت کرنے کا اخلاقی حق کھو چکی، محمد زبیر

جمعہ 9 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق گورنر سندھ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر بالکل حیران نہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار قومی اور کے پی و پنجاب کی اسممبلیوں میں اکثریتی تعداد میں موجود ہیں جس کی پہلے کبھی نظیر نہیں ملتی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں محمد زبیر نے کہا کہ نتائج کے اعلان میں غیر معمولی تاخیر نے اس عمل کو مکمل طور پر مشکوک بنا دیا ہے جس کے بعد اب ن لیگ کو حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی اختیار نہیں بچا ہے۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں محمد زبیر نے ن لیگ کے ناراض رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو صائب قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج نے وہ باتیں درست ثابت کر دیں۔ محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کی خاطر ان کا مشورہ مان لیا جانا چاہیے تھا۔

عوامی مینڈیٹ سے چھیڑچھاڑ افراتفری پیدا کرے گی، شاہد خاقان عباسی

قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پاکستانی عوام نے بلند آواز میں اور واضح طور پر اپنی بات رکھ دی اور اب ان کے دیے گئے مینڈیٹ سے چھیڑ چھاڑ کی کوشش کے نتیجے میں ملک میں افراتفری پھیل جائے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انتخابی عمل کی گرما گرمی گئی اب وقت ہے کہ ملک کو بہتری کی سمت سفر کرنے دیا جائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی قیادت بشمول میاں محمد نواز شریف، آصف علی زرداری، عمران خان، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کو اوچھی سیاست سے بالاتر ہوکر ملک کو درپیش بے پناہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کو یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ تاریخ خود غرض سیاستدانوں پر رحم نہیں کرتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp