پاکستان میں 12 کروڑ 80 لاکھ رائے دہندگان نے جمعرات کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی رائے کا اظہار کیا اور ملک میں آئندہ بننے والی حکومت کے لیے اپنی اپنی جماعتوں اور نمائندوں کو ووٹ دیا۔
جمعرات کو ہونے والے ملک بھر میں عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 265، پنجاب اسمبلی کی 296، سندھ اسمبلی کی 130، خیبر پختونخوا کی 113 اور بلوچستان کی 51 نشستوں پر 17 ہزار 816 آزاد اور پارٹی سے وابستہ امیدواروں نے حصہ لیا۔
جمعرات کو ہونے والے ان عام انتخابات کے بعد اب تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے پارٹی پوزیشن بھی سامنے آگئی ہے۔
قومی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار آگے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد اُمیدواروں نے قومی اسمبلی کی اب تک 106 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جب کہ پنجاب اسمبلی میں 123 ، سندھ اسمبلی میں 12، بلوچستان اسمبلی میں صفر جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ اور بلوچستان میں سب سے آگے
اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) نے اب تک غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 51 ، پنجاب اسمبلی کی 10 ، سندھ اسمبلی کی 83 ، بلوچستان اسمبلی کی 10 اور خیبر پختونخوا کی 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن سب سے آگے
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این) نے قومی اسمبلی کی 67 ، پنجاب اسمبلی کی 124، سندھ اسمبلی میں صفر، بلوچستان اسمبلی میں 8 اور خیبر پختونخوا کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک مہاجر قومی موومنٹ پی (ایم کیو ایم پی) نے قومی اسمبلی کی 9 ، پنجاب میں صفر، سندھ اسمبلی کی 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، جب ایم کیو ایم بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی۔
اسی طرح بلوچستان نیشنل پارٹی نے قومی اسمبلی کی ابھی تک 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پنجاب اسمبلی، سندھ اسمبلی اور خیبر پختونخوا سے کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر بی این پی کو ابھی تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
اسی طرح ابھی تک غیر حتمی نتائج کے مطابق جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان (جے یو آئی ) نے قومی اسمبلی کی 3، پنجاب اسمبلی سے صفر، سندھ اسمبلی کی ایک، بلوچستان اسمبلی کی 8 اور خیبر پختونخوا کی 7 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے غیر حتمی نتائج کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان ابھی تک کے نتائج میں قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی سے کوئی بھی سیٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، جب کہ اس نے سندھ اسمبلی کی 3 ، بلوچستان اسمبلی کی ایک اور خیبر پختونخوا کی 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
تحریک پاکستان لبیک پنجاب اسمبلی کی ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ ابھی تک قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے کوئی بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔
اسی طرح استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) نے قومی اسمبلی کی 2 ، پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی کوئی بھی نشست حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اس وقت تک قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 19، سندھ اسمبلی کی 3 اور خیبر پختونخوا کی 7 نشستوں پر آزاد اُمید وار کامیاب ہوئے ہیں، جن کا کسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ابھی تک قومی اسمبلی کے 265 حلقوں میں سے 251 حلقوں کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں جب کہ 14 حلقوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
اسی طرح پنجاب اسمبلی کے 296 حلقوں میں سے 278 حلقوں کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں جب کہ 18 حلقوں سے ابھی نتائج آنے باقی ہیں۔
اسی طرح سندھ اسمبلی کے 130 حلقوں میں سے 98 حلقوں کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں جب 32 حلقوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے غیر حتمی نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے 51 نشستوں میں سے 26 نشستوں کے نتائج مکمل ہو چکے ہیں جب کہ 24 حلقوں سے ابھی نتائج آنا باقی ہیں۔
اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے 113 حلقو ں میں سے 103 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جب کہ 10 حلقوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔