ادھار کے جوتے پہن کر میراتھن کے عالمی ریکارڈقائم کرنے والا کار حادثے میں ہلاک

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میراتھن دوڑ میں عالمی ریکارڈ بنانے والے ایتھلیٹ کیلون کپٹم سڑک کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے۔

کیلون کیپٹم گزشتہ روز مغربی کینیا میں اپنے کوچ گروائس ہاکیزیمانااور ایک خاتون کے ہمراہ کار میں سفر کر رہے تھے جب ان کی کار بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے میں ان کے کوچ بھی ہلاک ہوئے جبکہ خاتون زخمی ہوگئیں۔

کینیا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیلون کپٹم نے گزشتہ برس شکاگو میں میراتھن مقابلے میں 26.1 میل کا فاصلہ 2 گھنٹے 35 سیکنڈ میں طے کرکے اپنے ہم وطن عالمی ریکارڈ ہولڈر ایلیوڈ کیپچوگے کو ہرا کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ گزشتہ برس ان دونوں کھلاڑیوں کو پیرس اولمپکس کے لیے کینیا کی عارضی میراتھن ٹیم میں نامزد بھی کیا گیا تھا۔

کیلون کپٹم کی کار حادثے میں موت پر کینیا کے حکومتی اور سابق رہنماؤں نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کینیا ایک بہترین ایتھلیٹ اور قومی ہیرو سے محروم ہوگیا ہے۔

ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیبیسٹین کو نے کیولون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کپٹم ایک ناقابل یقین ایتھلیٹ تھا جس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ گزشتہ ہفتے کیلون کی ٹیم نے اعلان کیا تھا کہ وہ روٹرڈیم میراتھن میں کل فاصلہ 2 گھنٹے سے کم وقت میں طے کرنے کی کوشش کریں گے جو کہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔

کیلون نے میراتھن کا پہلا مقابلہ 4 برس پہلے جیتا تھا جس میں دوڑنے کے لیے انہوں نے کسی سے جوتے ادھار لیے تھے مگر ان کی شہرت میں اس وقت اضافہ ہوا جب 2022 میں انہوں نے اپنی پہلی میراتھن دوڑ مکمل کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp