پاکستان مسلم لیگ نے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد اراکین سے رابطہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزاد اراکین سے خود رابطے کیے اور نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو ملاقات کے لیے اپنی رہائش گاہ عصرانے پر مدعو کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نومنتخب آزاد اراکین اسمبلی کو مسلم لیگ ن میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دیں گے۔ شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاون پر دعوت پر بلائے گئے آزاد اراکین میں نومنتخب اراکین پنجاب و قومی اسمبلی شامل ہیں۔
گزشتہ روز لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ہونے والی پہلی با ضابطہ ملاقات میں طے پایا تھا کہ دونوں پارٹیاں ملک میں سیاسی استحکام کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ سیاسی تعاون کریں گی۔
Related Posts
ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اتوار کو بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں طویل مشاورت کے بعد دونوں جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاسی تعاون پراصولی اتفاق رائے طے پا گیا۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے اور تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 93 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 75 اور پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔
اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 8، مسلم لیگ (ق) 3، جمعیت علمائے اسلام 4، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے 2، 2 نشستیں حاصل کیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، مسلم لیگ ضیا، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشل عوامی پارٹی پاکستان، بلوچستان عوامی پارٹی اور مجلس وحدت المسلمین کے حصے میں ایک ایک نشست آئی۔
پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ ن 131 سیٹوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، آزاد امیدوار کی سیٹوں کی تعداد 126 ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی 10 سیٹیں جتینے میں کامیاب ہوئی ہے۔