نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ کچھ لوگ 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس بار ردعمل 4 گنا زیادہ ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پچھلے 2 دن سے کچھ لوگ 9 مئی جیسے واقعات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، اگر کسی نے بھی 9 مئی کی طرح کچھ کرنے کی کوشش کی تو ہمارا ردعمل 9 مئی سے بھی زیادہ ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’میں ذمہ داری سے بتارہا ہوں کہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ چند لوگ منصوبہ بندی کررہے ہیں کہ 9 مئی کی طرح کا ایک واقعہ دہرایا جائے، اگر کسی نے بھی کوئی اس طرح کی کوشش کی تو 9 مئی کے واقعات پر ردعمل تو تھوڑا تھا، اس سے کئی زیادہ ری ایکش ہوگا۔‘
مزید پڑھیں
نگراں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ’ایک دو جگہوں سے ہماری ایجنسیز نے چیزیں پک کی ہیں، باقاعدہ اسی طرح کی گفتگو ہورہی ہے کہ ہم فلاں جگہ پر یہ کریں گے، وہ کریں گے۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ ’یہ میں ایڈوانس اس لیے بتا رہا ہوں کہ 9 مئی جیسے واقعات سے نمٹنے کی پریکٹس اب پولیس کو بھی ہے اور دیگر اداروں کو بھی لیکن ہم نہیں چاہتے کہ قوم مزید تقسیم ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے امیدواروں کے پاس ایک قانونی راستہ موجود ہے لیکن کسی بھی صورت میں 9 مئی جیسا واقعہ پیش نہیں آںے دیا جائے گا، منصوبہ بندی کرنے والوں کو پیغام ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کو دہرانے کی کوشش نہ کریں، ملک اس کا محتمل نہیں ہوسکتا نہ ہم اس کی اجازت دیں گے۔
’الیکشن کے دن موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا تھا، ان کے فیصلے پر میں کمنٹ نہیں کرسکتا، عوام سے اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں اور 9 مئی جیسے کسی واقعے میں شریک نہ ہوں، پرامن احتجاج سب کا حق ہے لیکن اس بار 9 مئی جیسے واقعات پر ردعمل 4 گنا زیادہ ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو الیکشن پر اعتراض ہے تو وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔