5 مزید آزاد اراکین اسمبلی کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان

پیر 12 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نو منتخب 4 آزاد اراکین اسمبلی نے نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا، لیگی صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد اراکین کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔

حالیہ انتخابات میں آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین  مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی نے لاہور میں لیگی صدر شہباز شریف سے ملاقات کرکے مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔

نومنتخب اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے  پارٹی میں شمولیت کے ان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مبارکباد دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد اراکین اسمبلی پاکستان کو سنوارنے اور عوام کو مشکلات سے نجات دلانے والے قافلے کا حصہ بنے ہیں، ان کے جذبے کو سراہتا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا اولین ایجنڈا ملک اور قوم کی معاشی خوشحالی ہے، پہلے سے بھی بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے، نومنتخب ارکان اسمبلی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ملک وقوم کے لیے خدمات اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف کے پرخلوص وژن، ترقی کے ایجنڈے اور خدمت کے تجربے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ان پانچوں آزاد اراکین اسمبلی میں کوئی بھی تحریک انصاف کی جانب سے نامزد امیدوار نہیں تھے، دوسری جانب اب تک پنجاب اسمبلی کے 9 اور قومی اسمبلی کے نومنتخب 5 اراکین مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں، جن میں این اے 121 لاہور سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد رکن قومی اسمبلی وسیم قادر بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp