پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کا پہلا دور بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا ہے تاہم پارٹی نے حکومت سازی کے لیے دیگر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان اور شازیہ مری نے کہا ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں تقریباً تمام ممبران آئے تھے جو رہ گئے ہیں وہ منگل کو اجلاس میں شامل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے آج کے اجلاس میں کوئی حتمی فیصلے نہیں کیے گئے ۔ اجلاس کے اس پہلے دور میں محض جیتنے والے اراکین کو مبارکباد دی گئی ہے۔
اجلاس میں آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک بھر میں شاندار انتخابی مہم اور جیت پر مبارکباد دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مہم بہت اچھی تھی، اجلاس میں تمام ممبران کی بات سنی گئی ہے، سب کی رائے لی گئی ہے اور شکایات بھی سنی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت سازی کے لیے ہم ساری جماعتوں سے رابطہ کریں گے اور اس سلسلے میں ایک چھوٹی سے کمیٹی بھی بنائی جائے گی، جو سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔ آج معاملات مکمل نہیں ہوئے منگل کو بھی اجلاس جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے آج کے اجلاس میں حکومت سازی کے لیے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کمیٹی میں دھاندلی سے متعلق بھی بات کی جائے گی، جو اراکین آج نہیں پہنچ پائے وہ بھی کل شامل ہو جائیں گے۔