مفرور یوٹیوبر نے ہمارا پلیٹ فارم ہائی جیک کرلیا تھا، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی

منگل 13 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پی ای ایس ایس) نے اعلان کیا ہے کہ حال ہی میں ان کے پلیٹ فارم کو ایک ریٹائرڈ افسر اور مفرور یو ٹیوبرنے ہائی جیک کر لیا تھا۔

پی ای یس ایس کے عہددیداروں نے  پریس کانفرنس کے دوران ریٹائرڈ میجر عادل راجا کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ سابق افسر جسے فوج نے ملازمت سے برخاست کردیا تھا بیرون ملک بیٹھ کر سوسائٹی کو ذاتی فائدے کے لیے ریاست اور مسلح افواج کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی تینوں مسلح افواج کے سابق اہلکاروں کی رجسٹرڈ فلاحی تنظیم ہے اور اس کے منتخب صدر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم (ریٹائرڈ) اور سینیئر نائب صدر وائس ایڈمرل عبدالعلیم (ریٹائرڈ) ہیں۔

عہدیداروں نے ریاست اور مسلح افواج کے خلاف مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق افسر یو ٹیوب پر ویورشپ بڑھا کر پیسہ کمانے کے لیے ایک سیاسی جماعت کے سیاسی کارکن کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہے  اور فوج کی قیادت پر حملہ کرنے کی اس کی کوشش دشمن کے عزائم کے عین مطابق ہے۔

سابق فوجی افسر کے بھارتی خفیہ ایجنسی سے روابط کی ’تصدیق‘ ہوچکی

انہوں نے کہا کہ اس برطرف سابق فوجی افسر کے بھارتی خفیہ ایجنسی را اور بھارت کے ساتھ روابط کی بھی تصدیق ہو چکی ہے۔

پی ای ایس ایس کے عہدیداروں نے کہا کہ ہم مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp