معمر ترین بھارتی ٹیسٹ کرکٹر دتاجی راؤ گائیکواڈ چل بسے

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہندوستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور بھارت کے معمر ترین ٹیسٹ کرکٹر دتاجی راؤ گائیکواڈ 95 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، بھارتی میڈیا کے مطابق بزرگ گائیکواڈ اپنی عمررسیدگی سے جڑی تکلیفوں کے باعث  بڑودا کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں وہ گزشتہ روز چل بسے۔

دتا جی گائیکواڈ، جن کے بیٹے انشومن گائیکواڈ نے بھی ہندوستان کی نمائندگی کی، 1952 سے 1961 کے درمیان 11 ٹیسٹ کھیلے اور 1959 کے دورہ انگلینڈ کے دوران کپتان رہے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرتے ہوئے انہوں نے 18.42 کی اوسط سے 350 ٹیسٹ رنز مکمل کیے، انہوں نے سب سے زیادہ 52 اسکور 1959 میں نئی دہلی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکور کیا تھا۔

دتاجی گائیکواڈ اپنے مضبوط دفاع اور اپنی ڈرائیوز کے لیے جانے جاتے تھے لیکن انہوں نے ایک ورسٹائل فیلڈر کے طور پر بھی اپنی شناخت بنائی، انہوں نے آزادی کے بعد ہندوستان کے انگلینڈ کے پہلے دورے کے دوران 1952 میں لیڈز میں وجے ہزارے کی کپتانی میں اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا۔

دتاجی گائیکواڈ نے ہندوستان میں اپنے کیریئر کا آغاز بطور اوپنر کیا لیکن اپنے 10 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں محدود میچز کھیلنے کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر میں ڈھل گئے، گائیکواڈ نے اپنا آخری میچ 1961 میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔

ہندوستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ چیمپیئن شپ رانجی ٹرافی میں دتاجی گائیکواڑ نے بڑودا کی ٹیم کی 1947 سے 1961 تک نمائندگی کی اور اس کے لیے طاقت کا ایک ستون بن کر کھیلتے رہے، اپنی فرسٹ کلاس کرکٹ میں، انہوں نے مہاراشٹر کے خلاف 249 ناٹ آؤٹ کے اعلی اسکور کے ساتھ مجموعی طور پر 5788 رنز یعنی 36.40 کی اوسط سے اسکور کیے۔

دتاجی گائیکواڈ نے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 17 سینچریاں اسکور کیں، جن میں تین ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں، ان کی کپتانی میں، بڑودا کی ٹیم نے 1957-58 کے فائنل میں سروسز کو ہرا کر رانجی ٹرافی بھی جیتی تھی۔

2016 میں دتاجی گائیکواڈ 87 سال کی عمر میں سابق بلے باز دیپک شودھن کی موت کے بعد ہندوستان کے سب سے عمر رسیدہ ٹیسٹ کرکٹر بن گئے تھے، ہندوستان کے سب سے معمر ترین زندہ ٹیسٹ کرکٹر اب مدراس سے تعلق رکھنے والے کرکٹر چنگل پٹ گوپی ناتھ ہیں، جن کی عمر 93 سال اور 349 دن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp