کیا نواز شریف صرف پوسٹر بوائے تھے؟ صحافیوں کی تنقید

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے 12ویں عام انتخابات کے انعقاد کے تقریباً تین دن بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بالآخر نتائج کا اعلان کر دیا جس میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو برتری حاصل ہے لیکن تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔

عام انتخابات کے بعد نواز شریف وزیراعظم کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں اور انہوں نے پارٹی صدرشہباز شریف کو وزیراعظم اور سینئر نائب صدر مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا ہے۔ جس کے بعد پارٹی ورکرز کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آ رہا ہے اور مختلف صحافتی حلقے بھی نواز شریف کو ہدفِ تنقید بنا رہے ہیں۔

محمد اشفاق لکھتے ہیں کہ ن لیگ نے دو نعرے لگائے۔ پہلے ’ووٹ کو عزت دو‘ والا نعرہ اور پھر ’پاکستان کو نواز دو‘ والا نعرہ لیکن دونوں پر عمل نہیں ہوسکا۔

اینکر غریدہ فاروقی نے ن لیگ کی جانب سے چند روز قبل دیے جانے والے اشتہار ’عوام نے فیصلہ سنا دیا، نواز شریف وزیراعظم‘ کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ن لیگ نے اب ان کا کیا کرنا ہے ؟ کیا نواز شریف صرف پوسٹر بوائے تھے؟

صحافی مطیع اللہ جان لکھتے ہیں کہ اس کے بعد نواز شریف کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکیں گے اور ن لیگ کبھی حکومت نہیں بنا پائے گی، نواز شریف کے ساتھ باقاعدہ ہاتھ ہو گیا ہے، شہباز شریف کی بھی آخری وزارت عظمیٰ ہے جس میں آصف زرداری کا ایوانِ صدر حاوی ہو گا اور پارلیمنٹ اتنی کمزور کہ جیسے کوئی صدارتی نظام۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے علی امین گنڈاپور سے پنجاب کا شہباز شریف نہیں سندھ کا سربراہ ریاست ہی ڈیل کر سکے گا۔

سینئر صحافی کامران خان نے لکھا کہ ن لیگ کی تمام لیڈرشپ بشمول نواز شریف اورمریم بی بی اچھی طرح سے جانتی ہیں کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی سے پہلے سے طے ہے کہ مخلوط حکومت بننی ہے، شہباز شریف وزیر اعظم ہونے ہیں۔ عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے انتخابی مہم میں وزیر اعظم نواز شریف کا ڈرامہ رچایا گیا، کروڑوں روپے خرچ کر کے تمام اخبارات کے فرنٹ پیج پر ’نواز شریف منتخب‘، ’ نواز کو نواز دو‘ دھوکہ باز اشتہارات کی مہم چلی۔ اوّل نواز شریف وزیر اعظم بن سکے ہیں نہ آخر بن سکتے ہیں اسی لیے خواجہ آصف نے سچ اگل دیا۔ اب نواز شریف کے قریبی ن لیگی لیڈر خواجہ کی جان کو آرہے ہیں۔

نواز شریف وزیراعظم والا اشتہار شیئر کرتے ہوئے وجاہت کاظمی نے لکھا کہ اب اس کا کیا کرنا ہے؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp