تحریک انصاف اور  پرویز خٹک گروپ کے درمیان رابطہ، شمولیت کی دعوت

بدھ 14 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے لیے تحریک انصاف کو اتحاد اور اراکین کو پارلیمنٹرینز میں شمیولیت کی دعوت دی ہے۔ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما نے تصدیق کردی۔

سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا محمد ظاہر شاہ طورو نے وی نیوز کو بتایا کہ حکومت سازی کے لیے ان کے پاس کئی آپشنز موجود ہیں۔ اور اس وقت مشاورت کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے اتحاد سے انکار سے پی ٹی آئی پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ کئی جماعتیں ہیں جو چاہتی ہیں کہ ان کے ساتھ اتحاد ہو، ہمارے آزاد اراکین ان کی جماعت میں شمولیت اختیار کرے۔

پارلیمنٹرینز چاہتے ہیں ہم ان کیساتھ حکومت بنائیں

انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز نے بھی رابطہ کیا ہے۔ اور اتحاد کرنے اور ساتھ چلنے کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پارلیمنٹرینز والے چاہتے ہیں کہ صوبے میں ہم ان کی پارٹی میں شامل ہو کر حکومت بنائیں۔

پرویز خٹک نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے

ظاہر شاہ طورو نے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق پرویز خٹک نے پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے۔ اور پارٹی میں کوئی نہیں ہے۔

کیا پی ٹی آئی مائنس پرویز خٹک کے ساتھ چل سکتی ہے؟

ظاہر شاہ طورو نے واضح کیا کہ وہ پرویز خٹک کے ساتھ نہیں جائیں گے۔ ان کے مطابق انہیں بتایا گیا ہے کہ پرویز خٹک نے شکست کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کی ہے اور وہ مزید اس جماعت کا حصہ نہیں ہیں۔

ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ کس جماعت کے ساتھ اتحاد کریں گے۔ تاہم مشاورت جاری ہے۔ ظاہر شاہ طورو  کے مطابق پرویز خٹک گروپ کے پرانے ساتھی چاہتے ہیں کہ اتحاد ہو، تاہم حتمی فیصلہ کورکمیٹی کرے گی۔

ظاہر شاہ نے واضح کیا حکومت سازی سے پہلے آزاد اراکین باقاعدہ طور پر کسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے تاکہ خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستیں مل سکیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما چاہتے تھے کہ اتحاد ہو

ظاہر شاہ طورو نے بتایا کہ تحریک انصاف نے کے پی میں جماعت اسلامی سے اتحاد کا اعلان کیا تھا، تاہم جماعت اسلامی سے پیچھے ہٹ گئی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جماعت اسلامی کے رہنما خود چاہتے تھے کہ کے پی میں اتحاد ہو اور آزاد اراکین ان کے ساتھ شمولیت ختیار کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے فیصلے سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑا، دیگر جماعتوں نے بھی اتحاد کی دعوت دی ہے، ہمارے پاس کئی آپشنز موجود ہیں۔

اتحاد کا فیصلہ کور کمیٹی جلد کرے گی

ظاہر شاہ طورو نے بتایا کہ کسی بھی جماعت سے اتحاد اور حکومت سازی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کورکمیٹی کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پی سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے رابطوں کے حوالے سے مرکزی قیادت کو آگاہ کیا گیا ہے۔

ظاہر شاہ طورو کے مطابق وہ آزاد حیثیت سے بھی حکومت بنا سکتے ہیں۔تاہم کورکمیٹی میں پی ٹی آئی پی کے رابطے پر غور کیا جائے گا۔

کے پی میں حکومت سازی

تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں حکومت سازی پر کام شروع کر دیا ہے۔ اور روپوش رہنما بھی منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور بھی روپوشی ختم کرکے پشاور ہائی کورٹ ڈی آئی خان بینج کے سامنے پیش ہوئے اور ضمانت ملنے کے بعد والد کے جنازے میں شرکت کی۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ڈی آئی خان میں ہیں جہاں ان کے والد کی تعزیت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

نگران وزیراعلی سید ارشد حسین بھی ڈیرہ پہنچے اور علی امین سے تعزیت کی۔ پارٹی رہنماؤں نے بتایا کہ علی امین جلد پشاور آئیں گے جس کے بعد پارٹی رہنماؤں، منتخب اراکین ملاقات اور کابینہ کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ علی امین جیل میں عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp