انڈونیشیا، آسمانی بجلی نے میچ کے دوران فٹبالر کی جان لے لی

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انڈونیشیا میں فٹ بال میچ کے دوران آسمانی بجلی نے فٹبالر کی جان لے لی۔

برطانیہ کے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹد سے وابستہ فٹبالر کوبی مینو کے ایکس اکاؤنٹ  فین پیج پر ایک ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  فٹبال میچ جاری ہے کہ اس دوران اچانک آسمانی بجلی ایک فٹبالر پر گرتی ہے جس سے وہ زمین پر گر جاتا ہے۔

یہ واقعہ 10 فروری کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں واقع سلیوانگی اسٹیڈیم میں 2 مقامی فٹ بال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کے دوران پیش آیا، میچ شروع ہوئے بمشکل 15 منٹ ہی گزرے تھے کہ موسم خراب ہونے لگا۔ حالانکہ بارش نہیں ہو رہی تھی، لیکن آسمان ابر آلود ہونا شروع ہوگیا تھا۔

پھر پہلی بار آسمانی بجلی گری۔ اس وقت تو کوئی حادثہ نہیں ہوا تھا لیکن اگلے ہی سیکنڈ میں دوسری بارآسمانی بجلی چمکی اور اس بار اس نے ایک فٹبالرکو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آسمانی بجلی گرنے سے فٹبالر زمین پر گرا، دیگر کھلاڑیوں نے اسے طبی علاج کے لیے سارننگسہ اسپتال پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

آسمانی بجلی کیسے مارتی ہے؟

طبی ماہرین کے مطابق جب کسی انسان پر براہ راست آسمانی بجلی گرتی ہے، جیسا کہ مذکورہ فٹبالر پر گری، تو وہ ‘بجلی کے خارج ہونے والے مرکزی چینل کا حصہ’ بن جاتا ہے اور اگر آسمانی بجلی کسی کھلی جگہ پر کسی انسان پر گرے تو اس کے  اثرات زیادہ خطرناک ہوتے ہیں۔

آسمانی بجلی اگر کسی انسان پر گرے تو اس کے ‘کرنٹ کا ایک حصہ انسان کی جلد کی سطح کے ساتھ اور بالکل اوپر حرکت کرتا ہے (جسے فلیش اوور کہا جاتا ہے) اور کرنٹ کا ایک حصہ جسم سے گزرتا ہے، یہ عام طور پر دل کی شریانوں اور اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے اور انسان کی موت ہوجاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp