خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا حکم

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلی و رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر کے مطابق نامزد وزیراعلی و رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور آزادکشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے  کیس میں مطلوب ہیں، جس پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر کا مراسلہ موصول ہو گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کو 28 فروری کو الیکشن کمیشن آف آزادکشمیرکے روبروہ پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف 2021 میں درخواست وکیل راجہ ذوالقرنین نے دائر کی تھی، ان پر الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے علی امین گنڈا پور کو خیبرپختونخوا کے وزیراعلی کے طور پر امیدوار نامزد کررکھا ہے۔

علی امین گنڈا پور پر دیگر کتنے مقدمات ہیں؟

خیبرپختونخوا کے لیے نامزد وزیراعلی کے خلاف مزید 24 مقدمات درج ہیں، بیشر مقدمات میں وہ ضمانت پر ہیں۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل محمد سپل کے مطابق ان کے موکل پر کل 24 مقدمات ہیں۔ 12 ایف آئی آرز راولپنڈی ڈسٹرکٹ کی جن پر علی امین گنڈاپور کو 9 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔ ایک ایف آئی آر واہ کینٹ کی ہے جس پر علی امین گنڈاپور کو 11 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ایف آئی آر ٹیکسلا کی ہے، اس پر بھی علی امین گنڈاپور کو 11 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔ ایک ایف آئی آر گوجرانوالہ کی ہے جس پر علی امین گنڈاپور کو 18 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔ 4 ایف آئی آرز فیصل آباد کی ہیں جن پر علی امین گنڈاپور کو 16 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔

2 ایف آئی آرز لاہور کی ہیں جن پر علی امین گنڈاپور کو 15 مارچ تک ضمانت ملی ہے۔

محمد سپل کا کہنا ہے کہ 5 ایف آئی آرز اینٹی کرپشن کی ہیں جن پر علی امین گنڈاپور کو یکم مارچ تک ضمانت ملی ہے۔ اس کے علاوہ ایک ایف آئی آر اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ کی ہیں جس پر علی امین گنڈاپور کو یکم مارچ تک ضمانت ملی ہے۔

اینٹی کرپشن کے مقدمات میں یکم مارچ کو اگر علی امین گنڈا پور کی ضمانت کینسل ہوجاتی ہے تو یہاں سے بھی ان کے ورانٹ گرفتاری جاری ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp