ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے جمہوریہ ڈومینیکا کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کرلیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا ہے ہے پاکستان اور جمہوریہ ڈومینیکا نے باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کرلیے ہیں، سفارتی تعلقات قائم کرنے کی دستاویزات پر پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور ڈومینیکا کے مستقل مندوب نے دستخط کیے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جمہوریہ ڈومینیکا کے سفارتی تعلقات قائم کرنا پاکستان کے اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان دنیا کے سارے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔
علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان اور روس کا مشاوراتی اجلاس
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان علاقائی استحکام کے بارے میں چودہواں مشاورتی اجلاس 07 فروری کو ہوا، اجلاس کی مشترکہ صدرات ڈپٹی فارن سیکریٹری آرمز کنٹرول اور تخفیف اسلحہ محمد کامران اختر اور روسی ڈپٹی فارن سیکریٹری رایا بکوف نے کی۔
اجلاس میں دونوں ملکوں نے علاقائی استحکام، تخفیف اسلحہ اور جوہری پھیلاؤ روکنے کے بارے میں بات چیت کی، اجلاس میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی، خلائی ٹیکنالوجی اور انفارمیشن سکیورٹی سمیت، فوجی مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجی پر بات چیت ہوئی۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت، اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے
پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیل کی بربریت کے خلاف اسلامی ممالک کی تنظیم کے مذمتی بیان کی حمایت کی ہے۔ پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے حملوں کا دائرہ رفح شہر تک بڑھا دیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان نے کہا ہے کہ او آئی سی نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی اپنی زمینوں سے جبری بے دخلی کے بارے میں خطرے کی گھنٹی بجائی ہے، رفح شہر میں مقیم 14 لاکھ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم بین الاقوامی عدالت انصاف کے عبوری حکمنامے کی صریح خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے چارٹر کے تحت اپنی ذمے داریاں پوری کرے، پاکستان غزہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، سلامتی کونسل فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کروا کر قتل عام روکے، غزہ کا محاصرہ فوری ختم کیا جائے کیونکہ وہاں قحط اور بیماریوں کا خطرہ ہے۔
جماعت اسلامی پر بھارت میں پابندی، پاکستان کی مذمت
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ جماعت اسلامی 6 سیاسی جماعتوں میں شامل ہے جن پر بھارت نے پابندیاں لگا رکھی ہیں، ہندوستان انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔
پاکستان کی افغان حکام سے دہشتگردوں کے حوالے سے بات چیت
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے بڑھتے خطرات سے باخبر ہے اور پاکستان نے افغان حکومت سے بھی پاکستان میں دہشتگردی کرنے والی تنظیموں کے حوالے سے بات کی ہے۔
پاکستان میں انتخابی عمل اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ہوا
پاکستان میں انتخابی عمل عوام کی اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ ہوا، یہ پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کر سکیں، الیکشن کمیشن کا ادارہ تمام انتخابی عمل کو مانیٹر کر رہا تھا۔
پاکستان نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ وفد کی جانب سے پاکستان میں انتخابی عمل کی شفافیت کی بات کی گئی، انتخابات کے حوالے سے جو میڈیا رپورٹس سامنے آئیں ان پر ہم بات نہیں کریں گے۔
متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی شہریوں کی گرفتاری، پاکستان کا موقف کیا ہے؟
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی شہریوں کی گرفتاری پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا، یہ دو ملکوں کے درمیان کا معاملہ ہے، تاہم ہندوستان جنوبی ایشیا اور جنوبی ایشاء سے باہر ماروائے عدالت ٹارگٹ کلنگز میں ملوث ہے۔
وزیراعظم کے حلف برداری کی تقریب، کیا غیر ملکی سربراہان مملکت شریک ہوں گے؟
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی حلف برداری کے موقع پرغیر ملکی سربراہان مملکت کو بلانے کے معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
نئی حکومت کی تقریب حلف برداری، کیا نریندر مودی کو شرکت کی دعوت دی جائے گی؟
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارتی وزیر اعطم نریندر مودی کو نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں دعوت دینے کا معاملہ قبل ازوقت ہے، اس حوالے سے فیصلہ نئی آنے والی حکومت کرے گی، ہمیں جیسی ہدایات ملیں گی ہم اس پر عمل کریں گے۔
پاکستانی سرزمین پر ماورائے عدالت ٹارگٹ کلنگز میں ہندوستان کی ملوث ہونے کا معاملہ
پاکستان کا مؤقف ہے کہ جس ملک میں پاکستانی شہریوں کے قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی پاکستان اس کے ساتھ رابطے میں ہے، اس معاملے پر تیسرے ملک کے ساتھ پیش رفت ہورہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ماضی میں بھارت پاکستان میں ماورائے عدالت قتل و عام میں ملوث رہا ہے، بھارت کی جانب سے ماورائے عدالت قتل کیے گئے۔
بھارت پیسے پھینک کر اپنی حیثیت کو آئینی نہیں بنا سکتا، پاکستان
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے مقبوضہ کشمیر کے آئی ایم ایف سے موازنے کی رپورٹس دیکھی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں پیسے پھینک کر اپنی حیثیت کو آئینی نہیں بنا سکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ قطر میں سزا پانے والے بھارتی بحریہ کے ریٹائرڈ افسران تھے، پاکستان میں بھی بھارتی بحریہ کا افسر کلبھوشن یادیو پکڑا گیا تھا۔
کیا پاکستان کے افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہوں گے؟
پاکستان کا مؤقف ہے کہ پاکستان اور افغانستان دوست ملک ہیں، دونوں ممالک کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، تاہم ان تعلقات میں متعدد معاملات پر تحفظات ہیں، یہ تحفظات افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر ہیں۔
’پاکستان نے بارہا کہا ہے کہ جب بھی دہشت گرد تنظیموں کے بارے میں مصدقہ اطلاعات ہوں گی، پاکستان کاروائی کرے گا، چین اور افغانستان کے سفارتی پیشرفت ان کا دو طرف معاملہ ہے، پاکستان اس حوالے سے اپنا فیصلہ کرے گا، اس کا فیصلہ آنے والی منتخب حکومت کرے گی۔‘
ممتاز زہر بلوچ نے کہا ہے کہ ’ نہیں جانتے اسامہ بن لادن کے قتل سے 3 سال قبل امریکا کے معلومات کی فراہمی کا سابق امریکی وزیر خارجہ کنڈولیزا رائس کا دعوی کس حد تک درست ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے دوحہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔